اسلام آباد (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز کی تقرری کےخلاف وفاقی حکومت کی درخواستیں 2-1 کی اکثریت سے خارج کر دیں ،جسٹس منیب اختر اور جسٹس علی مظہر نے درخواستیں خارج کیں ،جسٹس اطہر من اللہ نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔
سپریم کورٹ میں پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز کی تقرری کےخلاف وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاپارلیمانی کمیٹی نے پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز جسٹس فہیم ولی، جسٹس اعجاز خان اور جسٹس کامران حیات کی منظوری دی جبکہ فضل سبحان، شاہد خان اور خورشید اقبال کے نام واپس بھجوائے،پارلیمانی کمیٹی نے 3نام واپس بھجواتے ہوئے سینئر ایڈیشنل ججز کے ناموں کو بھی غور کرنے کی تجویز دی۔
جسٹس منیب اختر نے کہا متعلقہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ہی وہ مجاز اتھارٹی ہیں جو ججز تقرری کی نامزدگی کا حق رکھتے ہیں، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا آرٹیکل 175 اے کے تحت کہاں لکھا ہے ججز کی نامزدگی کا اختیار صرف متعلقہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو حاصل ہے؟ میں جب چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ تھا تو جوڈیشل کمیشن کے ہر ممبر سے مشاورت کرتا تھا،ہائیکورٹ میں ججز نامزدگی کا حتمی اختیار متعلقہ چیف جسٹس کو ہی حاصل ہے،جسٹس منیب اختر نے کہا کیا ججز کی تقرری میں اندھا دھند سینیارٹی کے اصول کو دیکھا جائے اور قابلیت کو بالائے طاق رکھیں؟ کیا ججز تقرری میں سینیارٹی اصول کے ساتھ میرٹ کو نہیں دیکھنا چاہیے؟ کیا جوڈیشل کمیشن کے معاملات پر پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری جوڈیشل ریویو کر سکتی ہے۔
جسٹس علی مظہر نے کہا کیا پارلیمنٹری کمیٹی جوڈیشل کمیشن کو تجویز دے سکتی ہے؟ پارلیمنٹری کمیٹی برائے ججز تقرری نے پشاور ہائیکورٹ کے 3 ایڈیشنل ججز کے نام واپس بھجوائے تھے،ہائیکورٹ نے پارلیمنٹری کمیٹی برائے ججز تقرری کے فیصلے کےخلاف درخواستیں منظور کیں اور سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ۔
ایڈیشنل ججز کی تقرری کےخلاف وفاقی حکومت کی درخواستیں خارج
















