لاہور(مشرق نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جلاو گھیراو کے 3 مقدمات میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور کر لئے۔ عمران خان جناح ہاوس حملہ کیس سمیت جلاو گھیراو کے 3 مقدمات میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیش ہوئے۔ عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد کے روبرو پیش ہوئے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے، عدالت نے عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور کر لئے۔ عدالت نے آج عمران خان کو ضامن کے ساتھ خود بھی پیش ہونےکا حکم دیا تھا، عدالت نے 9 مئی واقعات کے مقدمات میں عمران خان کی 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کر رکھی ہے۔ عدالت نے عمران خان کو تینوں مقدمات میں ایک ایک لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف لاہور کے مختلف تھانوں میں جناح ہاو¿س حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور جلاو گھیراو کے 3 مقدمات درج ہیں۔ قبل ازیں عمران خان کی گاڑی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں لانے کی اجازت دی گئی، عمران خان کی درخواست پر ایڈمن جج عبہر گل نے اجازت دی۔ علاوہ ازیں عمران خان کا آج لاہور ہائی کورٹ میں بھی پیش ہونے کا امکان ہے، انہیں لاہور ہائی کورٹ میں ظل شاہ کیس میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت، 3 مقدمات میں عمران خان کے ضمانتی مچلکے منظور
















