عوامی مفاد تو 90 روز کے اندر انتخابات ہونے میں ہے،سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)عدالت عظمیٰ نے پنجاب انتخابات کیس میں نظر ثانی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے آئین نے آرٹیکل 184(3) میں اپیل کا حق نہیں دیا، انتخابات سے پنجاب، خیبرپختونخوا کے کروڑوں عوام کے حقوق وابستہ ہیں، عوامی مفاد تو 90 روز کے اندر انتخابات ہونے میں ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے سماعت کی،وکیل الیکشن کمیشن سجیل سواتی نے روسٹرم پر آکر کہاوفاق،پنجاب حکومت کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب ابھی نہیں ملا،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا شاید تحریک انصاف نے جواب جمع نہیں کرایا، الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا تحریک انصاف سمیت کسی فریق کے جواب کی کاپی نہیں ملی،تمام جوابات کا جائزہ لینے کےلئے موقع دیا جائے،چیف جسٹس نے کہا آپ اپنی درخواست پر تو دلائل دیں، آئندہ سماعت پر کوئی نیا نکتہ اٹھانا ہوا تو اٹھا سکتے ہیں۔

الیکشن کے وکیل نے شکوہ کیاکوئی بھی جواب پہلے سے مجھے فراہم نہیں کیا گیا ،چیف جسٹس نے کہا کیا آپ کی مدد کریں جوابات میں کیا کہا گیا ؟ پہلے بتاناہے کیسے نظرثانی درخواست میں نئے نکات اٹھاسکتے ہیں،وکیل الیکشن سجیل سواتی نے دلیل دی نظرثانی درخواست کا دائرہ اختیار آئینی مقدمات میں محدود نہیں ہوتا، سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار بڑھایا جاسکتا ہے تاہم کم نہیں کیا جاسکتا، نظرثانی کیس میں سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار دیوانی و فوجداری مقدمات میں محدود ہوتا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا بنیادی حقوق کےلئے عدالت سے رجوع کرنا سول نوعیت کا کیس ہوتا ہے،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاآرٹیکل 184(3) کے تحت کارروائی سول نوعیت کی نہیں ہوتی،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آرٹیکل 184(3) کا ایک حصہ عوامی مفاد دوسرا بنیادی حقوق کا ہے،جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا اگر انتخابات کا مقدمہ ہائی کورٹ سے ہو کر آتا تو کیا سول کیس نہ ہوتا؟وکیل الیکشن کمیشن سجیل سواتی نے کہاہائیکورٹ کا آئینی اختیار سپریم کورٹ سے زیادہ ہے۔

جسٹس منیب اختر نے کہا انتخابات سے پنجاب خیبرپختونخوا کے کروڑوں عوام کے حقوق وابستہ ہیں، عوامی مفاد تو 90 روز میں انتخابات ہونے میں ہے،ہائی کورٹ سے اپیل آئے تو آپ کے مطابق عدالتی دائرہ کار محدود ہے، نظر ثانی کیس میں آپ کا مو¿قف ہے دائرہ کار محدود نہیں،جسٹس منیب اختر نے کہاکیا بنیادی حقوق کے مقدمے کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں، سپریم کورٹ کیوں اپنے دائرہ اختیار میں ابہام پیدا کرے؟وکیل الیکشن کمیشن نے کہا آرٹیکل 184 میں اپیل کا حق نہیں دیا گیا، اپیل کا حق نہ ہونے کی وجہ سے نظر ثانی کا دائرہ محدود نہیں کیا جاسکتا،عدالت کو نظرثانی میں انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھنا ہے، نظرثانی میں ضابطے کی کارروائی میں نہیں پڑنا چاہیے، آئینی مقدمات میں نیا نقطہ اٹھایا جاسکتا ہے،جسٹس منیب اختر نے کہا کیا آپ کی دلیل ہے 184(3) میں نظرثانی کو اپیل کی طرح سماعت کی جائے؟ وکیل نے کہا بالکل میں یہی کہہ رہا ہوں 184(3) میں نظرثانی اپیل دراصل اپیل ہی ہوتی ہے، مقدمے میں نظرثانی کا دائرہ اختیار محدود نہیں ہونا چاہیے،چیف جسٹس نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ نے دلائل میں بڑے اچھے نکات اٹھائے لیکن نکات پر عدالتی حوالہ جات اطمینان بخش نہیں۔

جسٹس اعجاز لاحسن نے ریمارکس دئیے آپ کی دلیل مان لیں تو نظر ثانی میں ازسرنو سماعت کرنا ہوگی، آئین میں نہیں لکھا نظرثانی و اپیل کا دائرہ کار یکساں ہوگا،وکیل الیکشن کمیشن نے کہا آئین میں دائرہ کار محدود بھی نہیں کیا گیا،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہانظرثانی کو اپیل میں تبدیل مت کریں، آئین نے آرٹیکل 184(3) میں اپیل کا حق نہیں دیا، دائرہ اختیار بڑھانے کےلئے آئین واضح ہونا چاہیے،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے اگر آپ کی دلیل مان لیں تو بہت پیچیدگیاں پیدا ہوجائیں گی،وکیل الیکشن کمیشن نے کہا نظرثانی میں عدالت کو مکمل انصاف کےلئے آرٹیکل 187 کا اختیار بھی استعمال کرنا چاہیے، عدالت کا تفصیلی فیصلہ آجائے تو زیادہ آسان ہو جائے گا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن اور حکومت کارروائی کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں، ماضی میں حکومت بنچ پر اعتراض کرتی رہی ، کبھی فل کورٹ کبھی 4 تو کبھی 3 رکنی بنچ کا نکتہ اٹھایا گیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے جو باتیں آپ نے لکھ کر دیں وہ پہلے کیوں نہیں کی گئیں، کیا کسی اور ادارے نے اب الیکشن کمیشن کو مو¿قف اپنانے پر مجبور کیا؟۔

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے نیا مو¿قف تو اپیل میں بھی نہیں کیا جاسکتا،بعدازاں سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کردی گئی۔

قبل ازیں پی ٹی آئی نے جواب جمع کراتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے نظرثانی اپیل مسترد کرنے کی استدعا کردی،پی ٹی آئی نے اعتراض اٹھایاالیکشن کمیشن نے نئے نکات اٹھائے حالانکہ نظرثانی اپیل میں نئے نکات نہیں اٹھائے جاسکتے، الیکشن کمیشن نظرثانی اپیل میں نئے سرے سے دلائل دینا چاہتا ہے،عدالت نے اپنے فیصلے میں کوئی تاریخ نہیں دی بلکہ 90روز میں انتخابات کےلئے ڈیڈلائن مقرر کی تھی اور صدر مملکت نے انتخابات کےلئے 30 اپریل کی تاریخ دی جسے الیکشن کمیشن نے تبدیل کردیا ،سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کافیصلہ کالعدم قرار دے کر 30 اپریل کی تاریخ میں ہوئی 13 روز کی تاریخ کو کور کیا ۔

پی ٹی آئی نے کہا سپریم کورٹ کو الیکشن کمیشن کے افعال کا جائزہ لینے کا اختیار ہے، الیکشن کمیشن چاہتا ہے سپریم کورٹ نظریہ ضرورت کو زندہ کرے جبکہ نظریہ ضرورت دفن کیا چکا جسے زندہ نہیں کیا جاسکتا،90 روز میں الیکشن کرانا آئینی تقاضا ہے، آرٹیکل 218 کی روشنی میں آرٹیکل 224 کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،آئین اسمبلی تحلیل کرنے کا اختیار دیتا ہے، آئین میں کہیں نہیں لکھا تمام انتخابات ایک ساتھ ہوں گے، الیکشن کمیشن کے کہنے پر سپریم کورٹ آئین میں ترمیم نہیں کرسکتی،آرٹیکل 254 کےلئے 90 روز میں انتخابات کے آرٹیکل 224 کو غیر مو¿ثر نہیں کیا جاسکتا، آئین کے بغیر زمینی حقائق کو دیکھنے کی دلیل نظریہ ضرورت اور خطرناک ہے، خطرناک دلیل ماضی میں آئین توڑنے کےلئے استعمال ہوئی، عدالت ایسی دلیل کو ہمیشہ کےلئے مسترد کرچکی ۔