انسداد دہشت گردی عدالت ، عمران خان کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع
اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کر دی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی سمیت دہشت گردی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر جے آئی ٹی زمان پارک آئی اور شامل تفتیش کیا، ہمیں سکیورٹی تھریٹس تھے، اس وجہ سے لاہور ہائی کورٹ نے ہدایت کی تھی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی اس حوالے سے ایک کیس میں ہدایت کی، ایسا کچھ نہیں کہ ہم ان کیسوں کا سامنا نہیں کرنا چاہتے۔ وکیل نے کہا کہ جب یہ کیس لگا ہوتا ہے تو ہم آپ کی عدالت میں پیش نہیں ہو پاتے، اگر کوئی سوال بھی ہے تو ہم اس کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت میں ہی وقت دیا گیا، ہم وہیں شامل تفتیش ہوئے، اگر عدالت کہے تو سارے مقدمات میں آئندہ سماعت پر دلائل دے دوں گا۔ دلائل دیتے ہوئے وکیل نے مزید کہا کہ ہمارے کیسز 8 جون کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں لگے ہوئے ہیں، ہمارے اوپر ان کیسز میں صرف ایما کی حد تک الزام ہے۔

















