کوئی مجرم نہیں بچے گا، عسکری تنصیبات پر حملوں کے مقدمات فوجی عدالت میں چلیں گے،وزیراعظم

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث کوئی مجرم نہیں بچے گا، عسکری تنصیبات پر حملوں کے مقدمات فوجی عدالت میں چلیں گے، 9 مئی کو عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے ملک دشمنی کی اور بدقسمتی سے وہ کام کر دکھایا جو 75 برس میں دشمن نہ کرسکا۔

وزیر اعظم شہبازشریف کی زیرصدارت لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ،اجلاس میں وفاقی وزراءتمام صوبوں کے نمائندے اور وفاقی افسر بھی شریک تھے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کی قانونی گرفت کےلئے اب تک کے اقدامات، گرفتاریوں اور قانونی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی اور جناح ہاﺅس پر حملہ کرنیوالوں کی گرفتاریوں و قانونی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں مشاورت بھی کی گئی۔

شہبازشریف نے کہا کہ اہم کام کےلئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ اجلاس کا مقصد گزشتہ ہفتے کے اجلاس میں ہونےوالے معاملات کا جائزہ لینا ہے ،9 مئی کو سیاہ اور تاریخ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا،پاکستان کے لبادے میں دہشت گردی و ملک دشمنی کی گئی، عمران نیازی نے وہ کام کیا جو 75سال میں دشمن نہ کرسکا، کالعدم ٹی ٹی پی نے قائد اعظم زیارت کو جلایا، عمران نیازی اور جتھے نے قائد اعظم ہاﺅس لاہور کو جلایا ، کالعدم ٹی ٹی پی نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا تھا، 9 مئی کو پاکستان دشمنوں نے پھر جی ایچ کیو پر حملہ کیا، ریڈیو پاکستان پشاور، ایف سی سکول کو جلایا گیا،بے شمار واقعات ہوئے جنہوں نے پوری قوم کو ذہنی اذیت میں مبتلا کیا،9 مئی کے واقعات ہمیشہ ذہنی کوفت میں مبتلا رکھیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا جناح ہاﺅس پر حملہ کرنےوالوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائےگا، یقینی بنایا جائے کسی بےگناہ سے زیادتی نہ ہو اورگھناﺅنے فعل کا ارتکاب کرنے والا ایک بھی مجرم سزا سے بچنا نہیں چاہئے، کوئی مذاق نہیں عمران نیازی کے جتھے میانوالی میں پہنچ جائیں اور دشمن کےخلاف استعمال کرنے کےلئے عوام کے خون پسینے کی کمائی سے خریدے گئے ہوائی جہازوں کو آگ لگانے کی منحوس کوشش کریں۔ وزیراعظم نے کہا اُکسانے، نعرے لگانے اور توڑ پھوڑ میں ملوث کوئی شخص نہیں بچے گا، سویلین تنصیبات کو نقصان پہنچانے میں ملوث تمام افراد پر انسداد دہشت گردی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے گا اورفوجی تنصیبات پر حملوں کے مقدمات قانون کے مطابق فوجی عدالت میں چلیں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ (ق)کے مرکزی صدر چودھری شجاعت سے رہائشگاہ پر ملاقات کی، شجاعت کے صاحبزادے وفاقی وزیر چودھری سالک نے وزیراعظم شہبازشریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی، دونوں رہنماﺅں نے ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال اور9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے پر اتفاق کیا، وزیراعظم نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث بلوائیوں کو سزا دینے کے چودھری شجاعت کے بیان کو سراہا۔

چودھری شجاعت نے کہا ہر محب وطن قومی ندامت کا باعث بننے والے ہر فرد کی سزا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی قوم، شہداءکے اہل خانہ کے دل کو جوٹھیس پہنچی اس درد کا ازالہ کریں گے، چودھری شجاعت نے ملک کو مسائل سے نکالنے کےلئے وزیراعظم کے جذبے وخدمات کو سراہا،شہبازشریف نے اتحادی جماعتوں کی بھرپور حمایت، تعاون اور رہنمائی پر شکریہ ادا کیا۔

علاوہ ازیںوزیر اعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو ٹیلیفون کیا، شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی خیریت دریافت کی اور دہشت گردی کے واقعہ میں محفوظ رہنے پر خدا کا شکر ادا کیا، ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق شہبازشریف اور سراج الحق کے درمیان ملک میں بدامنی کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا آپ پر حملے کی تحقیقات مکمل ہوتے ہی ذمہ داروں کا تعین جلد کرلیا جائےگا، واقعہ کے ملوث عناصر سے آگاہ کریں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ زندگی موت اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہے، میری زندگی اقامت دین کی جدوجہد کیلئے وقف ہے، خودکش دھماکے کے زخمیوں سے ملاقات کی سب حوصلے میں ہیں، امن قائم کرنے کےلئے بلوچستان پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

ادھر وزیراعظم سے سابق رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق نے ماڈل ٹاﺅن میں ملاقا ت کی، سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

مزید برآں اپنی ٹوئٹ میںوزیراعظم شہبازشریف نے کہا تمنا ہے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی)گردہ، جگر کی بیماریوں کے علاج معالجے کےلئے پاکستان کی پہچان بنے، ادارہ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہا، صد افسوس عمران نیازی اور سابق چیف جسٹس نے مشن کو اپنی سیاست و ذاتی مفادات کا نشانہ بنایا اور ہسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچایا مگر ہمارے قدم رکنے والے نہیں، پی کے ایل آئی کو ورلڈ کلاس بنانے وبحالی کےلئے تمام کوششیں اور توانائیاں صرف کر رہے ہیں،گزشتہ روز میرے پی کے ایل آئی کے دورے کا مقصد بحالی کےلئے کئے جانےوالے اقدامات کا ہی جائزہ لینا تھا، مجھے جان کر خوشی ہوئی ڈاکٹر سعید اختر کی قیادت میں مخلص ٹیم ہمہ تن مصروف ہے ، پی کے ایل آئی مثال ہے، مثال کو بے مثال بنائیں گے۔