پی کے ایل آئی میں روبوٹ سرجری کا کامیاب آغاز کردیا گیا ہے:ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں پروفیسر نصرت اللہ چوہدری کو تمغہ امتیاز ملنے کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز، خالد رانجھا، پروفیسر غیاث الدین نبی طیب، ڈاکٹر آفتاب محسن، ڈاکٹر ساجد عبید اللہ، پروفیسر خالد محمود، ڈاکٹر طارق وسیم، ڈاکٹر سبط الحسنین و دیگر ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ اپنے تمام اساتذہ کو ہمیں اس مقام تک پہنچانے کیلئے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ٹیچر آف دی ٹیچر پروفیسر نصرت اللہ چوہدری کو تمغہ امتیاز ملنے پر آج بہت خوش ہوں۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔پی کے ایل آئی میں روبوٹ سرجری کا کامیاب آغاز کردیا گیا ہے۔ پنجاب میں پروفیسر غیاث الدین نبی طیب کی رہنمائی میں ہیپاٹائٹس کا مربوط پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں۔ وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پروفیسر نصرت اللہ چوہدری کی ذات سے بہت سیکھنے کا موقع ملا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہاکہ پروفیسر نصرت اللہ چوہدری کو تمغہ امتیاز ملنا میڈیکل کمیونٹی کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔