لاہور(خبر نگار)سابق وزیراعظم وچیئرمین عمران خان نے کہاہے منگل کو میری گرفتاری کے80فیصد امکانات ہیں اگر مجھے دوبارہ جیل بھیج دیا گیا تو ملک میں تشدد نہیں چاہتا لیکن پی ڈی ایم لوگوں کو مشتعل کروا کر احتجاج کرنا چاہتی ہے تاکہ آئندہ عام انتخابات میں مجھے روکنے کےلئے استعمال کیا جا سکے، دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیتیں گے، مجھے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کےساتھ کوئی مسئلہ نہیں ، جنرل عاصم منیر نے مجھے اہلیہ کی کرپشن کے کوئی ثبوت دکھائے نہ ہی میں نے بطور ڈی جی آئی ایس آئی استعفیٰ دینے پر مجبور کیا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے الجزیرہ ، امریکی میڈیا سی این این کو انٹرویو اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کیا۔
عمران خان نے کہاپاکستان میں قانون کی حکمرانی نہیں ،پی ٹی آئی کی پوری قیادت جیل میں ہے ،80 فیصد امکانات ہیں منگل کوجب اسلام آباد جاوتو مجھے گرفتار کر لیا جائے گا،سابق وزیراعظم نے سوال اٹھایا اپنی ہی فوج کےخلاف مقابلہ کرکے کوئی کیسے جیت سکتا ہے ایسی صورتحال میں اگر آپ جیت بھی جاتے ہیں تو ملک ہار جاتا ہے۔
پختہ یقین رکھتا ہوں پاکستان کو مضبوط دفاعی نظام کی ضرورت ہے، مجھے فوج سے کوئی مسئلہ نہیں، پی ٹی آئی حکومت کے آخری 6ماہ تک سابق آرمی چیف نے مجھے ہٹانے کےلئے کام کیا اور دعویٰ کیا میں ملک کےلئے خطرناک ہوں،پی ڈی ایم فوج کےساتھ مل گئی اور مجھے باہر رکھنے کےلئے جمہوری نظام کو ختم کر رہی ہے، 9 مئی کو میری گرفتاری کے بعد پیش آئے واقعات کا بہانہ بناتے ہوئے میری پارٹی کو توڑ رہے ہیں، سینکڑوں خواتین اور بچوں کو جیلوں میں ڈالا گیا اب فوجی عدالتوں میں مقدمہ چلانے کی کوشش کر رہے ہیں،میری جان کو ابھی بھی خطرہ ہے،مجھے آرمی چیف سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن جنرل عاصم منیر اقتدار میں واپس آنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، میں نے آرمی چیف کےخلاف کوئی کام نہیں کیا لیکن ان کے پاس میرے خلاف کچھ ہے جس کا میں نہیں جانتا۔
عمران خان نے کہاشہبازشریف محض کٹھ پتلی ہیں، پولیس نے 7500 مظاہرین کو گرفتار کیا، میں اپنے کارکنوں کو پھر پر امن رہنے کی ہدایت کرتا ہوں، مجھے کسی بھی وقت گرفتار کیا جا سکتا ہے،حراست میں ہونے کے باعث پرتشدد مظاہرے سے لاعلم تھا اگر مجھے دوبارہ جیل بھیج دیا گیا تو تشدد نہیں چاہتا ۔
اپنی ایک اور ٹوئٹ میںسابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہاکینسر کے مریض فردوس شمیم نقوی کو زندان میں ڈال کر اہل اقتدار نے ظاہر کیا وہ کس قدر پستی کا شکار ہیں،فردوس شمیم نقوی 27 سال قبل میرے ہمسفر اور پاکستان کو منصفانہ ،انسانی اقدار پر مبنی سماج کی صورت میں ڈھالنے کے خواب میں شراکت دار بنے،فردوس شمیم نقوی نے جدوجہد کے تمام نشیب و فراز کا پوری ثابت قدمی سے سامنا کیا،کینسر کے مرض سے شفایابی کے مراحل میں ہیں، انہوں نے اپنے مرض کا بھی پورے وقار اور ہمت سے مقابلہ کیا۔
ادھر جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد نے مولانا خان شیرانی کی سربراہی میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اورملکی سیاسی صورتحال، آئین و عدلیہ کیخلاف حکومتی یلغار اور جمہوریت و جمہوری اقدار کے قتل عام پر گہری تشویش کا اظہار کیا،جے یو آئی پاکستان کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ اعلامیے میں ملک بھر میں تحریک انصاف و اتحادیوں کیخلاف جبر و فسطائیت کے جاری بدترین سلسلے کی شدید مذمت کی گئی،جے یو آئی پاکستان نے 9 مئی کو جلاو¿ گھیراو¿ سے املاک کو نقصان پہنچانے، 25 نہتے پاکستانیوں کو شہید 700 سے زائد کو زخمی کرنے والوں کو کٹہرے میں لانے کیلئے جامع تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا اور پی ٹی آئی کےخلاف ملک بھر میں جاری غیرقانونی کریک ڈاون کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
میری دوبارہ گرفتاری کے80فیصد امکانات ہیں،عمران خان

















