کوئی بھی محب وطن قومی اثاثوں پر حملہ نہیں کرسکتا: خواجہ آصف

سیالکوٹ(مشرق نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنےوالوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائےگا جو قانون کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے بھی بنیادی حقوق نہیں چھین رہے، قانون کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں ہوگا، میں کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرتا لیکن 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کی نیت اور ان کے اس مٹی سے رشتے پر سوالیہ نشان نظر آتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ چلانے کیلئے نئی فوجی عدالتیں نہیں بنائی جائیں گی، قانون پہلے سے موجود ہے، عدالتیں موجود ہیں اور وہ گزشتہ 75 برسوں سے مسلسل کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اداروں کو ٹارگٹ کر رہی ہے، عمران خان دوسرے ممالک کو بھی شامل کر رہے ہیں، پاک فوج کی قربانیاں ہماری تاریخ کا تابناک حصہ ہیں، پاکستانی قوم پاک افواج سے محبت کرتی ہے، یہ وقت ہے کہ ساری قوم متحد ہو کر افواج پاکستان کا اظہار تشکر کرے اور اس رشتے کو مضبوط بنائے۔ سینئر لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے صرف اقتدار کیلئے اساس پر حملہ کیا، ایئربیس پر حملہ دشمن کرتا ہے کوئی بھی محب وطن قومی اثاثوں پر حملہ نہیں کرسکتا، سیاستدانوں کے پاس اقتدار آتا جاتا رہتا ہے لیکن ہم نے کبھی افواج پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے پر سوالیہ نشان نہیں بنایا۔