اسلام آباد، (بیورو رپورٹ) وفاقی حکومت نے عدلیہ اور ججز کی مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کےلئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی انکوائری کمیشن قائم کردیا۔ کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن کابینہ ڈویژن سے جاری کیا گیا جو 19 مئی کو گزٹ آف پاکستان میں شائع ہوا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا حال ہی میں قومی الیکٹرانک، پرنٹ و سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر عدلیہ، سابق چیف جسٹسز، جسٹس کی گفتگو سے متعلق گردش کرنے والی متنازع آڈیوز سے عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹسز، ججز کی غیر جانبداری، آزادانہ اور دیانتداری سے فیصلے کرنے کی صلاحیت پر سنگین خدشات پیدا ہوئے، چنانچہ عوامی مفاد میں عدلیہ کی ساکھ، عوام کا بھروسہ و اعتماد بحال کرنے کےلئے آڈیو لیکس کی صداقت و درستی کی تحقیقات کرنا لازم ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017 کی دفعہ 3 کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے حکومت نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کےلئے انکوائری کمیشن تشکیل دےا۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمیشن کے سربراہ، بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر اعوان اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اراکین میں شامل ہیں، نوٹیفکیشن میں درج کمیشن کے ٹی او آرز کے مطابق کمیشن آڈیو لیک، عدلیہ کی خود مختاری پر اثرات کا جائزہ لے گا، کمیشن مبینہ طور پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، وکیل کے درمیان سپریم کورٹ کے حاضر جج کی آڈیو لیکس کی تحقیقات کرےگا، سابق وزیراعلیٰ اور وکیل کے درمیان مخصوص بینچز کے سامنے مقدمات سماعت کےلئے مقرر کرنے کی تحقیقات بھی کی جائیں گی۔
ٹی او آر کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ، سپریم کورٹ کے موجودہ جج کی مبینہ آڈیو لیکس کے علاوہ سابق چیف جسٹس سے متعلقہ مبینہ آڈیوز کی تحقیقات کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ بنچ کے متوقع فیصلے پرصحافی کی وکیل کےساتھ، سپریم کورٹ میں زیر التوا کیسز پر چیف جسٹس کی خوشدامن کی وکیل کی اہلیہ کےساتھ اور سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی اپنے دوست کےساتھ والد کے سیاسی کردار پر ہونےوالی گفتگو کی مبینہ آڈیو لیکس کی بھی تحقیقات کی جائیں گی، کمیشن سوشل میڈیا پر لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے داماد کی عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہونے کے الزامات کی آڈیو لیک کی تحقیقات کرےگا،کمیشن چیف جسٹس کی ساس، دوست کی مبینہ آڈیو لیک کی تحقیقات کرےگا،نوٹیفکیشن میں کہا گیا اٹارنی جنرل کمیشن کی معاونت اور درکار تمام مواد و دستاویزات فراہم کریں گے۔
حکومت نے ہدایت کی وفاق میں موجود تمام اتھارٹیز و صوبوں کی ذمہ داری ہے کمیشن کے کام میں معاونت کریں اور کسی ہدایت کی صورت میں تعمیل کریں، کمیشن کو وفاقی حکومت کے خرچے پر سیکرٹریٹ قائم اور سیکرٹری تعینات کرنے کا بھی اختیار ہوگیا، نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیشن 30 روز میں تحقیقات مکمل کرے گا تاہم اگر کمیشن کو تحقیقات کےلئے مزید وقت چاہیے ہوا تو وفاقی حکومت فراہم کرےگی۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاادارے کی ساکھ کو آڈیولیکس نے متاثرکیا،کمیشن 2017 کے ایکٹ کے تحت بنایا گیا ، کمیشن قائم کرنا حکومت کا اختیار ہے، سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کو کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا، چیف جسٹس کی رائے نہیں لی گئی۔
آڈیو لیکس کی تحقیقات کےلئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں کمیشن قائم

















