لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ 9مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن تھا جس طرح شر پسندوں نے آرمی املاک، تاریخی عمارات، شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا قوم انہیں کبھی معاف نہیں کریں گی،ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے شر پسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔ مقامی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار سال سے کیسز کا سامنا کر رہا ہوں ، کیس آخری مراحل میں ہے اب جلد فیصلہ ہو جائے گا، میرے پر بغاوت کا بھی کیس چلایا گیامگر ہم نے جھوٹے مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ لیکن جو ہمارے ملک میں عمران خان نے کیا اس پر بہت دکھ ہوا ، نوجوان نسل کو بتانا چاہیے کہ 8 لاکھ قربانیوں سے پاکستان حاصل ہوا مگر یہاں جناح ہاﺅس ، جی ایچ کیو پر حملے کیے گئے ، 9مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن تھا جس طرح شر پسندوں نے آرمی املاک، تاریخی عمارات، شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا قوم انہیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔قوم کو مطالبہ کرنا چاہیے کہ حکومت ان کے خلاف کارروائی کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے دفاع کیلئے ہمیشہ فوج کے ساتھ کھڑے رہیں گے کسی سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ عسکری قیادت یا پاک فوج کے کسی اہلکار کو برا بھلا کہے، پاکستان کی نئی نسل کو واپس لانا ہو گا۔کیپٹن صفدر نے مزید کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے شر پسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک جماعت نہیں تنظیم ہے اور اس دہشت گرد تنظیم کو بند کیا جائے۔
شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا: کیپٹن (ر) صفدر
















