ویکسینز کے کردار پر تربیتی ورکشاپ

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب کے منتخب ہسپتالوں میں شام کے اوقات میں حفاظتی ٹیکہ جات کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وبائیں روکنے اور انسانی جانیں بچانے میں ویکسینز کے کردار پر تربیتی ورکشاپ برائے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جو والدین دن کے اوقات میں ضروری ویکسین نہ لگوا سکیں وہ شام کے اوقات میں بچوں کی ضروری ویکسین بر وقت لگوائیں۔

ورکشاپ کا انعقاد پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات پنجاب نے یونیسیف کے تعاون سے مقامی ہوٹل میں کیا۔ ورکشاپ میں ڈائرکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈائریکٹر پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات ڈاکٹر مختار احمد، ڈائرکٹر ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹر یاداللہ، ایڈیشنل ڈائریکٹرز، یونیسیف کے صوبائی نمائندگان ڈاکٹر طاہر منظور اور ڈاکٹر قراة العین، عالمی ادارہ صحت سے ٹیکنیکل آفیسر ڈاکٹر عمران قریشی، محکمہ تعلقات عامہ کے نمائندگان اور لاہور سے بیورو چیف اور سینئیر صحافیوں نے شرکت کی۔

ورکشاپ کا انعقاد عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات 2023ء کے سلسلہ میں کیا گیا۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ یہ ہفتہ دنیا بھر میں 24 سے 30 اپریل تک منایا جاتا ہے۔تاہم آگاہی سرگرمیاں مئی میں جاری رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال کے ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کا موضوع دی بگ کیچ اپ ہے۔