اکیلا بھی رہ گیا تو حقیقی آزادی کیلئے کھڑا رہوں گا،عمران خان

لاہور(خبر نگار)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے ملک میں جو ہورہا ہے سارا منصوبے کا حصہ ہے تاکہ فوج اور تحریک انصاف سامنے آجائے، پنجاب حکومت کو مطلوب 30 ،40 دہشتگرد افراد کے نام بتانے چاہئیں، انہوں نے پہلے بھی گھر پر دھاوا بولا،رائفلزرکھنے ،پٹرول بم بنانے کا الزام لگایا،منصوبہ تھا 40 لوگوں کو لاکر میرے گھر سے گرفتاری ڈالی جاتی۔

عمران خان نے کہا سیاسی جماعتیں ایسی کاروائیوں سے مضبوط ہوتی ہیں، پولیٹکل پارٹی کا ووٹ بینک بڑھتا تو ہے مقبولیت اوپر جاتی ہے،عامر کیانی کے جانے کا مجھے بہت افسوس ہوا، پی ٹی آئی لیڈرز پر بہت پریشر ہے، عثمان ڈار کے گھر میں پولیس گھس گئی جو لوگ پریشر برداشت کررہے ہیں قوم آپ کو یاد رکھے گی، میں آپ کو نہیں بھولوں گا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہامجھے دوبارہ گرفتار کیاجاسکتاہے ،اکیلا بھی رہ گیا تو حقیقی آزادی کیلئے کھڑا رہوں گا،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ، پیچھے نہیں ہٹوں گا،حالیہ دنوں پولیس کی فائرنگ سے 25 کارکن شہید ہوئے، سیدھی گولیاں ماری گئیں، ساڑھے 7ہزار کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا،واقعات پر آزاد کمیشن بنے گا تو جیت پی ٹی آئی ہوگی،فویٹجز سامنے آنی چاہئیں،میانوالی، کور کمانڈر ہاﺅس اور پشاور میں پہلے سے لوگ موجود تھے،الیکشن میں سب پی ٹی آئی کامقابلہ نہیں کرسکتے، کئیر ٹیکرز کا کام تھا الیکشن کرانا لیکن انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا، صاف و شفاف الیکشن چاہتے ہیں، پاکستان معاشی دلدل میں پھنس گیا، بلومبرگ کہتا ہے پاکستان میں سری لنکا سے زیادہ برے حالات ہوچکے ، کور کمانڈر ہاوس جلانے کی سب مذمت کررہے ہیں، میں نے ہمیشہ پرامن احتجاج کا کہا،میرے کسی کے ساتھ مذکرات نہیں ہورہے، مذاکرات صرف الیکشن کی تاریخ پر کرونگا، آئین 90 دن میں الیکشن کرانا چاہتا ہے، ن لیگ والے میچ نہیں کھیل سکتے اس لیے فرار کاراستہ اختیار رکھاہے۔

عمران خان نے مزید کہامیری طرف سے کیوں لڑائی ہے دوسری جانب سے غصہ ہے، ایک سال سے پارٹی کو ختم کرنا چارہے ہیں،اخلاق و اقدار سے یکسر عاری بدمعاشوں، مجرموں اور احمقوں پر مشتمل گروہ پوری طرح قوم پر حاوی ہو چکا ،اقتدار پر قابض گروہ تمام تر توانائیاں ملک کی سب سے بڑی اور وفاقی سطح کی واحد سیاسی جماعت کو جبر و فسطائیت سے کچلنے کی منصوبہ بندی پر مرکوز کئے ہوئے ہے،وقت آگیا ہے دیر ہونے سے قبل پوری قوم آواز بلند کرے۔