حملوں کی جڑیں عمران نیازی کی تقاریر میں پوشیدہ ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے 9 مئی کو ریاست، علامتوں اور حساس تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی جڑیں عمران نیازی کی گزشتہ ایک سال کے دوران کی گئی تقاریر کے مندرجات میں پوشیدہ ہیں۔

ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم نے کہاعمران خان نے اپنی سیاسی تحریک کو حق و باطل کے درمیان جنگ قرار دینے کےلئے آزادانہ طور پر مذہبی تصویر کشی کی ،مسلسل مسلح افواج اور موجودہ آرمی چیف کو بدنام کیا اور بہت چالاکی سے حقیقی آزادی کے نعروں کےساتھ اپنے گروہ کو تیار کیا جس کا مقصد تشدد پر اکسانا تھا جس کا 9 مئی کو مشاہدہ کیا ۔

علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فوجی تنصیبات پر حملہ کرنےوالوں کے مقدمات سپیشل سٹینڈنگ کورٹس میں چلائے جائیں گے، نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے مقدمات انسداد دہشتگردی کی عدالتوں میں چلیں گے۔

ادھر سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، وزیراعظم نے گزشتہ سال کے شدید سیلاب کے دوران امداد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا،وزیراعظم نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کےلئے تعاون فراہم کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے ”روڈ ٹو مکہ“پراجیکٹ میں پاکستان کو شامل کرنے پر سعودی عرب کی حکومت کو سراہا،”روڈ ٹو مکہ“پراجیکٹ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذریعے حج پر جانے کے خواہشمند پاکستانی حجاج سہولیات فراہم کرے گا،سعودی عرب ،ایران کے مابین تعلقات کو معمول پر لانے کےلئے حالیہ معاہد کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے امید ظاہر کی علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

سعودی نائب وزیر داخلہ نے مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاپاکستان ،سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات تاریخی ہیں،روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کو اگلے سال لاہور اور پشاور تک بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی جمعرات کوبارڈر پر ملاقات ہوگی،وزیراعظم شہباز شریف بجلی منصوبے کی تقریب میں شرکت کےلئے بلوچستان کے ضلع تربت کا دورہ کریں گے،تقریب میں وفاقی وزرا اور صوبائی حکومت کے حکام شریک ہوں گے،وزیراعظم بلوچستان کے سرحدی علاقہ مند بھی جائیں گے۔