شرپسندوں کا آرمی ،آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل ہوگا:کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت خصوصی کورکمانڈرز کانفرنس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزموں کےخلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کا فیصلہ اور مادر وطن کے دفاع میں شہید ہونےوالوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں موجودہ حالات کے تناظر میں خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، سیاسی شرپسندوں کی جانب سے جلاو گھیراو اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی، شرکا نے کہا کہ آرمی کے رینک اور فائل میں عسکری تنصیبات کے نقصانات و جلاو گھیراو پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا اعادہ کیا گیا جبکہ فورم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر افواج پاکستان حملوں کے منصوبہ سازوں، اُکسانے اور حوصلہ افزائی کرنے والے تمام مجرموں سے بخوبی واقف ہیں اور بگاڑ پیدا کرنے کی کوششیں بالکل بے سود ہیں، مجرموں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا، کانفرنس میں گزشتہ دنوں کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جسے ایک سیاسی جماعت کی قیادت نے محض سیاسی مفادات کے حصول کےلئے استعمال کیا، کانفرنس میں عزم کا اظہار کیا گیا کسی بھی حلقے کی جانب سے قیامِ امن و امان کیلئے رکاوٹ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائےگا۔ بریفنگ کے دوران فورم کو آگاہ کیا گیا شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی، تاریخی عمارتوں کو نذر آتش کرنے اور فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل مربوط منصوبے پر عمل درآمد کرایا گیا تاکہ ادارے کی بدنامی ہوسکے جبکہ سارا عمل ذاتی سیاسی ایجنڈے کے حصول کےلئے تھا۔ اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف نے سارے معاملے پر فوجی فارمیشنز کی جانب سے تحمل و پختہ رد عمل کو سراہا، فورم نے واضح کیا کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتیں گے،کسی بھی حالت میں فوجی تنصیبات اور سیٹ اپ پر حملہ کرنے والے مجرموں، بگاڑنے والوں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائےگا،شرکاءنے بیرونی طور پر سپانسر شدہ اور اندرونی سہولت یافتہ عناصر کے منظم پروپیگنڈہ پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور واضح کیا شرمناک پروپیگنڈے کا مقصد مسلح افواج، عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا اور مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔ شرکاءنے کہادشمن قوتوں کے شیطانی پروپیگنڈے کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائےگی جو ہر مشکل میں ہمیشہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے، افواج پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائےں گی، فورم نے موجودہ غیر مستحکم سیاسی صورتحال میں قومی سطح پرتمام سٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ عوام کے اعتماد، معاشی ترقی اور جمہوری نظام کو دوام بخشا جا سکے، ملک میں سیاسی استحکام لانے کیلئے تمام کوششوں کی حمایت کی جائےگی،کانفرنس کے شرکاءنے شہداءکو زبردست خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کےلئے دفاع وطن اور قوم پر اپنی جانیں نچھاور کردیں، بلوچستان کے علاقے مسلم باغ میں دہشت گردوں کے حملے کا بھرپور جواب دینے اور شہید ہونے والے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا، شرکاءنے سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے پروپیگنڈے پر متعلقہ قوانین کے اطلاق کا بھی مطالبہ کیا۔