اسلام آباد (بیورو رپورٹ) قومی اسمبلی نے چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کےلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی تحریک اور سرکاری و فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث پی ٹی آئی رہنماوں کیخلاف کارروائی کی قرارداد منظور کرلی۔
تحریک شازیہ ثوبیہ سومرو نے پیش کی، پارلیمانی کمیٹی میں محسن شاہنواز، خورشید جونیجو، صلاح الدین ایوبی، شہناز بلوچ شامل ہیں۔ کمیٹی چیف جسٹس کے علاوہ دیگر ججز کے مس کنڈکٹ پر بھی ریفرنس لانے کا جائزہ لے گی۔
علاوہ ازیں تحریک انصاف کی منحرف خاتون رکن اسمبلی وجیہہ قمر نے جناح ہاوس، جی ایچ کیو و دیگر سرکاری املاک پر حملوں کی مذمت اور پی ٹی آئی رہنماوں کےخلاف کارروائی کےلئے قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے سیاسی جماعت و انتشاری رہنماوں کےخلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے۔
ایوان سیاسی جماعت کی جانب سے دفاعی اداروں کےخلاف غداری اور دوسرے بے بنیاد الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے پر حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں عناصر اور شر پسند رہنماو¿ں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے، ایسے شرپسند عناصر کا مستقبل میں قلع قمع کرنے کےلئے قانون سازی کی جائے، ایوان اپنی بہادر اور جری افواج کےساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے کہا عدلیہ کا ایک گروہ وہ عدل نہیں سیاست کررہا ہے، عدلیہ کی روایات و آئین میں درج حدود کی خلاف ورزی ہورہی ہے، عدلیہ میں حالیہ تمام پیشرفت کا مقصد ستمبر میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو چیف جسٹس بننے سے روکنا ہے، وقت آ گیا ہے پارلیمنٹ آئینی اختیارات کا استعمال کرے، چیف جسٹس کےخلاف آرٹیکل 209 کے تحت ریفرنس دائر کیا جائے، فرد واحد اقلیتی فیصلے کو تھوپ رہا ہے، عمران خان کو ریلیف اور فتنے کو ہوا دی جارہی ہے اسی عدلیہ نے ایک شخص کے مفادات کے تحفظ کےلئے آئین کے آرٹیکل 63 اے کو ری رائٹ کیا ہے اور اس کے بعد پنجاب میں منتخب حکومت کوگھر بھیج دیا۔
وزیر دفاع نے کہا پہلے عدالت نے کہا پارٹی سربراہ کی ہدایت کے خلاف ڈالا گیا ووٹ گنا نہیں جائے اور حمزہ شہباز کے حق میں دئیے گئے ووٹ کو گنتی سے نکال دیا، 15 دن بعد پرویز الٰہی کے حق میں 10 ووٹ گن لیے،چیف جسٹس کے غلط طرز عمل پر ثبوت کےساتھ آرٹیکل 209 کے تحت ریفرنس دائر کیا جائے تاکہ مثال قائم ہو۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس بھجوانے کی تجویز دیتے ہوئے کہااب چیف جسٹس صاحب تمام عدالتوں میں لاگو کریں وہ ملزم کو دیکھ کر آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی کے جملے کہیں، اب تمام ججز بھی مجرموں کو wish You Good Luck کہیں کیونکہ خود چیف جسٹس نے معیار قائم کیا، 60 ارب کی کرپشن واضح کیس ہے، آنکھیں بند کرکے ٹمبکٹو عدالت بھی کرپٹ قرار دےگی، افسوس چیف جسٹس کو کرپشن نظر نہیں آئی۔
قومی اسمبلی،چیف جسٹس کیخلاف ریفرنس تحریک، حملوں میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی قرارد اد منظور
















