اسلام آباد (بیورورپورٹ)القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی2ہفتے کیلئے عبوری ضمانت منظور کر لی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی سربراہی میں جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بنچ نے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
سماعت شروع ہوئی تو کمرہ عدالت میں عمران خان کے حق میں نعرے لگائے گئے، نعرے لگانے پر ججز نے اظہار برہمی کیا اور عدالت سے اٹھ کر چلے گئے، میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا اس طرح نہیں چلے گا، یہ کوئی طریقہ نہیں، مکمل خاموشی ہونی چاہیے۔
عدالت کی جانب سے کیس کی سماعت میں جمعے کی نماز کا وقفہ کر دیا گیا،سماعت کا دوبارہ آغاز کیا گیا تو خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری اور حفاظتی ضمانت کی درخواست ہے، ایک اور درخواست میں انکوائری رپورٹ کی کاپی مانگی ہے، چاہتے ہیں نیب کو انکوائری رپورٹ کی کاپی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، نیب کی انکوائری رپورٹ کا اخبار سے پتہ چلا۔
عدالت نے سوال کیا آپ کو نوٹس کے ساتھ کوئی سوالنامہ نہیں دیا گیا، کیا آپ نے نیب آفس وزٹ کیا؟
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا جو پٹیشن دائر کی گئی اس کیلئے متبادل فورم موجود ہے، رٹ پٹیشن میں معاملہ ہائیکورٹ لانے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں، آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کیا گیا۔
جسٹس میاں گل حسن نے کہا کیا یہاں مارشل لاءلگ گیا تمام درخواستوں پر سماعت روک دیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا معاملے پر عدالت اٹارنی جنرل کو بلا کر بھی سن لے۔
بعد ازاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 2 ہفتوں کیلئے عبوری ضمانت منظور کر لی اور نیب کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا، ہائی کورٹ نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
عمران خان کی 2 ہفتے کیلئے عبوری ضمانت منظور
















