گیارہ شہروں میں ماسٹر پلان کی تیاری،وزیر بلدیات کو پی ایم یو کی جانب سے گمراہ کرنے کی سازش بے نقاب

لاہور (نوید چودھری) پنجاب کے 11 شہروں میں ماسٹر پلان کی تیاری کے حوالے سے صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم مراد کو پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے گمراہ کرنے کی سازش بے نقاب، دو سال کے عرصہ میں اصل پلان سے ہٹ کر کلاسفکیشن، لینڈ یوز میپ اور سائٹ ڈویلپمنٹ زون بنانے پر کام کیا جاتا رہا ہے۔ سابق سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل کے دور میں ورلڈ بینک کی جانب سے 500 ملین روپے جاری کئے گئے جس کا مقصد پنجاب کے 11 بڑے شہروں کو ماسٹر پلان کے تحت ترتیب دینے کاکام ہونا تھا، بنیادی طور پر یہ کام بلدیاتی اداروں کا تھا اور یہ کام وہ بغیر اضافی پیسوں کے کرنے کو تیار تھے مگر ”مال مفت دل بے رحم“ کی پالیسی کے تحت اتنے زیادہ پیسوں کو اُڑانے کےلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کیا گیا جس میں لوکل گورنمنٹ کے ملازموں کو بھاری اضافی تنخواہوں اور مراعات پر رکھا گیا، اسکے علاوہ لوکل گورنمنٹ کمپلیکس میں اضافی کمرے خالی ہونے کے باوجود کرائے پر دفتر حاصل کئے گئے۔ دوسری جانب مفت کے مال کو اُڑانے کےلئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ انتظامیہ کی جانب سے من پسند فرموں کو ٹھیکے ادا کئے گئے، حالانکہ ماسٹر پلان کے تحت 11 شہروں کی بناوٹ کےلئے ہاﺅسنگ سوسائٹی ڈویلپرز کو مطمئن کرلیا جاتا تو وہ اس کام کےلئے سرکار کو خود سے پیسے دینے کےلئے بھی تیار ہوجاتے مگر غلط حکمت عملی کی وجہ سے اتنے بڑے پیسے کو غریب ملک کی فلاح کے بجائے قوم کو گمراہ کرنے کےلئے اب ایک مرتبہ پھر صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم مراد کا کاندھا استعمال کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاہم اس حوالے سے وزیر بلدیات ابراہیم مراد سے موقف لینے کےلئے انکے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا۔