عدالتی اصلاحات کیس،پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ جمع کرانے کا حکم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)عدالتی اصلاحات بل کیخلاف کیس میں پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ جمع کرانے کا حکم ،حکومت نے پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ عدالت کو نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

چیف جسٹس عمر عطا ءبندیال کی سربراہی میں 8رکنی بنچ نے سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت کی، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید بنچ کا حصہ تھے،وفاقی حکومت نے کیس کو فل کورٹ کے سامنے مقرر کرنے کی باقاعدہ درخواست دائر کی ہے، درخواست میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے تمام ججز پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل منصورعثمان نے فل کورٹ بنانے کی استدعا کردی،وکیل مسلم لیگ ن صلاح الدین احمد نے کہا ہم نے بھی درخواست میں فل کورٹ کی استدعا کی ہے، جسٹس اعجازالاحسن نے کہاآپ کی درخواست کو ابھی نمبر نہیں الاٹ نہیں ہوا،اس موقع پر فواد چودھری نے کہاسیاسی جماعتوں کو نوٹس ہے اس لیے پی ٹی آئی کی جانب سے میں موجود ہوں،چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے سوال کیا کیا آپ نے دستاویزات جمع کرا دی ہیں؟۔

اٹارنی جنرل نے کہا توقع ہے کل تک پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ مل جائےگا، سپیکر آفس سے باضابطہ اور غیر رسمی طور پر بھی رابطہ کیا ہے، عدالت قرار دے چکی ہے آئین کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہے، عدلیہ کی آزادی آئین کا بنیادی جزو ہے، عدالتی اصلاحات کے قانون میں بنچوں کی تشکیل اور اپیلوں کا معاملہ طے کیا گیا ، عدالتی اصلاحات بل میں وکیل کی تبدیلی کا بھی حق دیا گیا ہے، قانون میں جو معاملات طے کیے گئے وہ انتظامی نوعیت کے ہیں،فل کورٹ کے لیے دلائل دیتے ہوئے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہاسپریم کورٹ کے رولز نے فل کورٹ تشکیل دئیے تھے، سپریم کورٹ پریکٹس رولز میں ترمیم بھی فل کورٹ ہی کرسکتی ہے، عدلیہ کی آزادی اور رولز سے متعلق مقدمہ بھی فل کورٹ کو سننا چاہیے، قانون براہ راست ان ججز پر بھی لاگو ہوگا جو مقدمہ نہیں سن رہے۔

،جسٹس اعجازالاحسن نے کہا سوال ہے کیا ایسی قانون سازی کے اختیارات ہیں یا نہیں، ترمیم کا سوال نہیں ہے، جسٹس مظاہرنقوی نے سوال کیا کیا ماضی میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ جیسی کوئی قانون سازی ہوئی ؟اٹارنی جنرل نے بتایا 1973تک رولز بنانے کے لیے صدرکی اجازت درکار تھی،جسٹس مظاہر نقوی نےکہا آئین کے آرٹیکل 191کے ہوتے ہوئے ایسی قانون سازی کیسے ہوسکتی ہے؟ جسٹس علی مظہر نے کہا آپ نے اپنی درخواست میں کہا یہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے اس لیے فل کورٹ سنے، جسٹس عائشہ ملک نے کہاہم ہر وقت معمول کے مطابق اپنی نوعیت کے پہلے کیسز سنتے رہتے ہیں۔

اٹارنی جنرل نے جواب دیاماضی میں کبھی ایسا مقدمہ نہیں آیا اس لیے فل کورٹ تشکیل دیا جائے،جسٹس عائشہ ملک نے کہاسپریم کورٹ کا کوئی بھی بنچ کوئی بھی مقدمہ سن سکتا ہے، کیا حکومت اس کیس میں فل کورٹ کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے؟ کیا حکومت چاہتی ہے عدالت کی اندرونی بحث باہر آئے؟ ہر مقدمہ اہم ہوتا ہے، یہ تعین کیسے ہوگا کونسا کیس فل کورٹ سنے؟ کیا عدلیہ کی آزادی کا ہر مقدمہ فل کورٹ نے سنا تھا؟،اٹارنی جنرل نے جواب دیا افتخار چودھری کیس سمیت کئی مقدمات فل کورٹ نے سنے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے1996سے عدلیہ کی آزادی کے مقدمات سنے جا رہے ہیں، بظاہر یہ حکومت کا کیس نہیں لگتا کہ فل کورٹ بنائی جائے، جسٹس عائشہ ملک نے کہاکیا آپ کہنا چاہ رہے ہیں عوام کا اعتماد فل کورٹ پر ہے؟ عدالت درخواست گزار کی خواہش پر اپنی کارروائی کیسے ریگولیٹ کرے؟ اٹارنی جنرل نے کہا یہ درست ہے عدلیہ کی آزادی کے تمام مقدمات فل کورٹ نے نہیں سنے،جسٹس منیب اختر نے کہارولز بنانے کا اختیار فل کورٹ کو انتظامی امور میں ہے، اگر کسی 3رکنی بنچ کے سامنے رولز کی تشریح کا مقدمہ آجائے تو کیا وہ بھی فل کورٹ کو سننا چاہیے؟ فل کورٹ تو اپنے رولز بنا چکی ہے،جسٹس عائشہ ملک نے کہاآپ کی یہ منطق سمجھ سے باہر ہے فل کورٹ کا فیصلہ اچھا اور 3رکنی بنچ کا برا ہو گا۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکیا آپ کا مدعا یہ ہے رولز فل کورٹ نے بنائے تو تشریح بھی وہی کرے؟،جسٹس منیب اختر نے کہافل کورٹ کا جواب خود پارلیمنٹ نے اپنے بنائے گئے قانون میں دے دیا ہے، عدالتی اصلاحات بل کے سیکشن 4کے مطابق کمیٹی کا بنایا گیا 5رکنی بنچ آئین کی تشریح کا مقدمہ سنے گا، جب پارلیمنٹ خود اپنے ایکٹ میں5رکنی بنچ کہہ رہی ہے تو کیا آپ یہ کہہ رہے ہیں پارلیمنٹ نے قانون غلط بنایا ہے؟،اٹارنی جنرل نے جواب دیاعدالت نے تو اس قانون پرعمل درآمد سے روک رکھا ہے، جسٹس منیب اختر نے کہااگر حکم امتناع نہ ہوتا تو فل کورٹ کی استدعا کہاں جاتی؟ پارلیمنٹ کہتی ہے 5رکنی بنچ ہو، اٹارنی جنرل کہتے ہیں فل کورٹ ہو، لگتا ہے حکومت کی گنتی کمزورپڑگئی ہے کہ یہاں کتنے ججزبیٹھے ہیں،اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے کہافل کورٹ کی استدعا کیس کی مناسبت سے کی جاسکتی ہے، قانون میں کم سے کم 5ججزکا لکھا ہے۔

، جسٹس منیب اختر نے کہاپارلیمنٹ 5ججز سے مطمئن ہے تو اٹارنی جنرل یا کابینہ کیوں نہیں؟،جسٹس عائشہ ملک نے کہاپارلیمنٹ کے بنائے گئے قوانین کےخلاف درخواستیں عدالت معمول میں سنتی ہے، ہائی کورٹس بھی قوانین کےخلاف درخواستیں سنتی ہیں، کیا ہائی کورٹ میں بھی فل کورٹ کی استدعا کی گئی؟،جسٹس مظاہرعلی نےکہایہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ نہیں ہے، 2012میں بھی اس نوعیت کا مقدمہ سنا جاچکا ہے، فل کورٹ کی درخواست میں لکھا ہے بنچ حکم امتناع میں اپنا موقف دے چکا ہے،جسٹس منیب اختر نے کہا کیا لاہور ہائی کورٹ میں فل کورٹ میں60اور سندھ ہائی کورٹ میں 40ججز سماعت کریں گے؟ اس پر اٹارنی جنرل نے کہا عدالتی اصلاحات بل ہائی کورٹ میں چیلنج نہیں اس پربات نہیں کروں گا،جسٹس اعجازالاحسن نے کہاسپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تو ہائی کورٹس فل کورٹ بنانے کی پابند ہوں گی، جسٹس منیب اختر نے کہا اگر صوبائی اسمبلی بھی اس نوعیت کا قانون بنا دے تو کیا پوری ہائی کورٹ مقدمہ سنے گی؟۔

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کیا تمام 8ججز فیصلہ کریں گے فل کورٹ بنے گی؟ جسٹس شاہد وحید نے سوال کیا کیا بنچ چیف جسٹس کو فل کورٹ بنانے کا حکم دے سکتا ہے؟،جسٹس عائشہ ملک نے کہافل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست قابل سماعت ہونے پربھی سوال ہے، کیا ایسی درخواست انتظامی سطح پر دی جاسکتی ہے؟ اٹارنی جنرل نے جواب دیاججز چیف جسٹس سے فل کورٹ بنانے کی گزارش کرسکتے ہیں،جسٹس شاہد وحید نے کہادرخواست میں وفاق نے چیف جسٹس کو حکم دینے کی استدعا کر رکھی ہے، اس طرح کی استدعا پر عدالت کس قسم کا حکم دے سکتی ہے؟۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا وفاق کی استدعا اچھے الفاظ میں نہیں لیکن سمجھ چکے ہیں،اٹارنی جنرل نے کہاذوالفقار علی بھٹو نے اپنی پھانسی کے مقدمے میں بنچ پر اعتراض کیا تھا، ذوالفقارعلی بھٹو کیس میں جج پر اعتراض ہوا اور 9 رکنی فل کورٹ نے مقدمہ سنا،جسٹس مظاہر نقوی نے کہا آپ جس فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں اس میں وجوہات بھی دی گئی تھیں، اٹارنی جنرل نے کہا اس وقت کے چیف جسٹس انورالحق نے اعتراض مسترد کیا تھا، 9 رکنی فل کورٹ میں چیف جسٹس خود بھی شامل تھے، موجودہ درخواست میں کسی جج یا چیف جسٹس پر اعتراض نہیں،چیف جسٹس نے کہاکسی جج پر اعتراض بھی ہو تو فیصلہ جج نے کرنا ہوتا ہے کہ وہ مقدمہ سنے یا نہیں، مستقبل کے لیے تعین کرنا ہے بنچ کن حالات میں فل کورٹ تشکیل دینے کا کہہ سکتا ہے۔

بعدازاں مسلم لیگ ن کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے فل کورٹ پر دلائل دیتے ہوئے کہا حکم امتناع کے ذریعے پہلی بار قانون پر عمل درآمد روکا گیا ہے، فل کورٹ کے لیے درخواستیں معمول میں دی جاتی ہیں، جسٹس فائز عیسیٰ کیس میں بھی فل کورٹ بنچ تشکیل دیا گیا تھا،جسٹس اعجازالاحسن نے کہاجسٹس فائز عیسیٰ کیس کا معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا گیا تھا، چیف جسٹس خود جسٹس فائزعیسی کیس نہیں سن رہے تھے،بیرسٹرصلاح الدین نے کہا7رکنی بنچ نے فل کورٹ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی، بعض اوقات بنچ خود بھی فل کورٹ کی تشکیل کے لیے فائل چیف جسٹس کوبھجواتا ہے۔

چیف جسٹس نے کہاافتخار چودھری اور جسٹس فائز عیسی کیسز صدارتی ریفرنس پر تھے، ججز پر الزام لگے تو ٹرائل سپریم کورٹ کا ہوتا ہے، معاملہ سنگین نوعیت کا ہونے پر ہی فل کورٹ بنا تھا، دونوں ججز کےخلاف ریفرنس سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دئیے، کسی اور مقدمے میں فل کورٹ کی مثال ہے تو دیں،بیرسٹر صلاح الدین نے کہاآئی جی جیل خانہ جات کیس میں بھی فل کورٹ تشکیل دیا گیا تھا،جسٹس منیب اختر نے کہاافتخار چودھری کیس میں جج کو معزول کردیا گیا تھا، وہ ماسٹر آف روسٹرکا اختیار استعمال نہیں کرسکتے تھے، معزولی کے بعد قائم مقام چیف جسٹس اس اختیار کو استعمال کر رہے تھے، مسلم لیگ ن پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت ہے، جو قانون پارلیمنٹ نے بنایا ہے اس میں 5رکنی بنچ کی بات کی گئی ہے، مسلم لیگ ن فل کورٹ کی استدعا کیسے کرسکتی ہے؟۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہاآپ چاہتے ہیں عدالت تعین کرے کون سے مقدمات کون سا بنچ سنے گا؟ پنڈورا باکس کھولیں گے تو ہرکیس میں فل کورٹ کی درخواستیں آئیں گی،بیرسٹر صلاح الدین نے کہاسائلین فل کورٹ کی درخواست کرتے رہتے ہیں اس پر عدالتی فیصلے موجود ہیں،جسٹس عائشہ ملک نے کہاعدالت کے سامنے اس طرح کی سوئپنگ سٹیٹمنٹ نہ دیں، درخواست گزار کو معلوم ہوتا ہے کون سا بنچ کیس سن رہا ہے اور وہ اس پر معترض کیوں ہے، ایسے دلائل سے لگتا ہے جیسے مسلم لیگ ن جانتی ہی نہیں وہ فل کورٹ کی استدعا کیوں کر رہی ہے۔

جسٹس علی مظہر نے کہامسلم لیگ ن نے درخواست میں موجودہ بنچ پر اعتراض اٹھایا ہے،کیا مسلم لیگ ن کو موجودہ بنچ پر اعتماد نہیں ہے؟،چیف جسٹس نے کہااگر آپ نے نوٹس کیا ہو تو میں اس معاملے کو خاموشی سے سن رہا ہوں، کیس کو خاموشی سے اس لیے سن رہا ہوں یہ چیف جسٹس کے اختیارات سے متعلق ہے، چیف جسٹس کو ہی بنچز بنانے کا اختیار ہے، فل کورٹ سے متعلق کوئی جوڈیشل آرڈر دینا نہیں چاہتے جو مستقبل میں عدالتی نظیر کے طور پر استعمال ہو، موجودہ نکتے پر ابھی دلائل باقی ہیں اور دوسرے فریقین کو بھی سننا ہے۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ منگل تک جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 3ہفتوں کےلئے ملتوی کر دی،دوسری جانب حکومت نے سپریم کورٹ بل کی پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ عدالت کو نہ دینے کا فیصلہ کرلیا،ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023پر پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ طلب کئے جانے پر حکومت نے عدالت کو ریکارڈ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے،اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے پارلیمانی کارروائی کے مطلوبہ ریکارڈ کیلئے سپیکر آفس کو خط لکھا گیا ہے،حکومتی ذرائع کے مطابق پارلیمانی کارروائی کے ریکارڈ کا سپیکر اسمبلی کسٹوڈین ہے اور کوئی جواز نہیں پارلیمنٹ کی کارروائی کا ریکارڈ دیا جائے۔