اسلام آباد (بیورورپورٹ)جوڈیشل کمیشن کی منظوری کے باوجود سینئر وکیل طارق آفریدی کو پشاور ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج نہ بنائے کےخلاف درخواست پر سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کےلئے طلب کرلیا۔
طارق آفریدی کو پشاور ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج تعینات نہ کرنے کی دائر درخواست پر سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سماعت ہوئی،طارق آفریدی کے وکیل حامد خان نے موقف اختیار کیاجوڈیشل کمیشن نے طارق آفریدی کو پشاور ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج تعینات کرنے کی منظوری دی تاہم جوڈیشل کمیشن کی سفارش کے باوجود طارق آفریدی کو ایڈیشنل جج تعینات نہیں کیا گیا،پارلیمانی کمیٹی نے طارق آفریدی کی انٹیلی جنس ایجنسیز کی رپورٹ پر نامزدگی مسترد کی جس میں کہا گیا طارق آفریدی کی ساکھ اچھی نہیں۔
دوران سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کہا انٹیلی جنس ایجنسیز ججز کی تعیناتی کو کیسے کنٹرول کر سکتی ہیں؟ عدلیہ کی آزادی پر اثر پڑے گا،پارلیمانی کمیٹی نے پیشہ وارانہ صلاحیت کی بجائے انٹیلی جنس رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کیا،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا عدالت معاملے کی قانونی حیثیت کا جائزہ لے گی کیا پارلیمانی کمیٹی جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کو مسترد کرسکتی ہے؟،اٹارنی جنرل کو عدالت کی معاونت کےلئے بلا لیتے ہیں،سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کےلئے طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ایک ماہ کےلئے ملتوی کردی۔
ایجنسیز ججز کی تعیناتی کو کیسے کنٹرول کر سکتی ہیں؟ عدلیہ کی آزادی پر اثر پڑےگا، جسٹس اطہر من اللہ
















