جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی آمدن سے زائد اثاثہ کیس تحقیقات کیلئے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سپرد

اسلام آباد (مشرق نیوز) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس تحقیقات کیلئے پبلک اکاونٹس کمیٹی کو بھیج دیا۔ قومی اسمبلی اجلاس ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں سردار ایاز صادق نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جسٹس مظاہر علی نقوی کے آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس تحقیقات کیلئے پبلک اکاونٹس کمیٹی کو بھجوایا جائے۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ معزز جج صاحبان پر کافی انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔ ایک جج صاحب کی وجہ سے عدلیہ کی بدنامی ہو رہی ہے۔ معزز جج مظاہر علی اکبر نقوی کو بتانا چاہیے کہ انکے ذرائع آمدن کیا تھے۔ معزز جج بتائیں کہ انہوں نے کہاں سے جائداد بنائی، ٹیکس کتنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے اکاونٹنٹ جنرل اور آڈیٹر جنرل اس معاملے کی تحقیقات کریں۔ وفاقی وزیر نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے مزید کہا کہ جج مظاہر علی اکبر نقوی کے حوالے سے بارز نے ریفرنس بھی دائر کردئیے ہیں، اس ریفرنس پر سپریم کورٹ میں کچھ نہیں ہو رہا۔ پی اے سی آڈٹ اور نگرانی پارلیمان اور قائمہ کمیٹیوں کا اختیار ہے۔ پی اے سی 15 روز میں آڈٹ کروا کر رپورٹ پیش کرے۔ ڈپٹی سپیکر نے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کا آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس تحقیقات کیلئے پبلک اکاونٹس کمیٹی کو بھیج دیا۔