اسلام آباد (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن نے 14 مئی کو انتخابات کے حکم پر نظرثانی کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی، درخواست میں عدالت عظمیٰ سے 4 اپریل کے فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا الیکشن کے انعقاد سے متعلق آرٹیکلز کو ایک ساتھ پڑھا جائے، سپریم کورٹ کے پاس انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں، عدالت نے تاریخ دے کر اختیارات سے تجاویز کیا۔
عدالت قانون کی تشریح کرسکتی ہے، قانون کو دوبارہ لکھ نہیں سکتی، بااختیار الیکشن کمیشن وقت کی ضرورت ہے، درخواست میں مزید کہا گیا سکیورٹی، فنڈز فراہم نہیں کئے گئے، پنجاب، خیبرپختونخوا میں انتخابات سے قومی اسمبلی کے الیکشن شفاف نہیں ہو سکیں گے،آرٹیکل 254سے استفادہ مدت معیاد گزرنے سے پہلے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے، سپریم کورٹ نے حاجی سیف کیس میں آرٹیکل 254 کا پری میچور استعمال کیا، سپریم کورٹ کے 11 رکنی لارجر بنچ کا فیصلہ موجود ہے، سپریم کورٹ کے لارجر بنچ نے ماضی میں الیکشن کو 4 ماہ آگے بڑھانے کی اجازت دی۔
رجسٹرار کی جانب سے درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا بعد ازاں الیکشن کمیشن نے نظرثانی درخواست پر رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کا اعتراض دور کردیا، الیکشن کمیشن نے درخواست میں محمود الرشید کا نام بطور فریق شامل کرلیا، رجسٹرار آفس نے نظرثانی درخواست سماعت کےلئے مقرر کرنے کا نوٹ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو بھیج دیا۔
ادھر ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے معاملے میں تحریک انصاف نے حکومت کیساتھ ہونےوالے مذاکرات کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ رپورٹ میں کہا گیا حکومت سے مذاکرات کیے، ایک روز الیکشن کرانے پر اتفاق ہوا لیکن تاریخ پر متفق نہیں ہوسکے اب سپریم کورٹ ایکشن لیکر 14 مئی کو پنجاب اسمبلی کے الیکشن کرائے،رپورٹ میں کہا گیا تحریک انصاف ایک ہی روز انتخابات کیلئے تیار ہے بشرطیکہ قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان کی اسمبلیوں کو 14 مئی یا پہلے تحلیل کیا جائے، پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی متفرق درخواست میں عدالت کو بتایا گیا حکومت کےساتھ مذاکرات کے 3ادوار ہوئے، مذاکرات میں پی ٹی آئی نے ہر ممکن حد تک لچک دکھائی،دستور سے انحراف کی راہ روکنے کیلئے عدالتی فیصلے کی روشنی میں 14 مئی کو انتخابات ہونا لازم ہے۔
دریں اثنا تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے سپریم کورٹ سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ کو فوری کام سے روکنے کا مطالبہ کردیا،اپنے ٹوئٹر پیغام میں فواد چودھری نے کہا 90 دن سے زیادہ نگراں حکومتیں آئین کے بنیادی اصول کےخلاف ہیں،سپریم کورٹ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نگراں وزرائے اعلیٰ ،کابینہ کو فوری طور پر کام کرنے سے روکے، پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ انتخابات تک معاملات چلانے کیلئے ایڈمنسٹریٹر مقرر کئے جائیں، آئین صرف عوام کے منتخب نمائندوں کی حکومت کو مانتا ہے۔
سپریم کورٹ کو انتخابات کی تاریخ دینے کااختیار نہیں،الیکشن کمیشن

















