اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 پر سماعت کرتے ہوئے پاکستان بار کی فل کورٹ بنانے اور جسٹس مظاہر نقوی کو بینچ سے الگ کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت عظمیٰ نے سیاسی جماعتوں اور وکلا تنظیموں سے 8 مئی تک جواب طلب کر لیا اور کیس کی سماعت بھی 8 مئی تک ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دئیے کہ کسی بھی جج کیخلاف ریفرنس آنے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، جب تک ریفرنس سماعت کیلئے مقرر نہ ہو اسکی کوئی اہمیت نہیں، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں بینچ اس بارے میں فیصلہ دے چکا، سیاست نے عدالتی کارروائی کو گندا کر دیا ہے، سپریم کورٹ کے ججوں کا جاری کیا گیا حکم سب پر لازم ہے۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطابندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے۔ بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اظہر حسن رضوی اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ: فل کورٹ اور جسٹس مظاہر کو بینچ سے الگ کرنے کی استدعا مسترد
















