عوامی جان و مال کا تحفظ ترجیح، بارشوں میں تمام محکمے الرٹ رہیں: وزیراعظم

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم شہبازشریف سے وفاقی وزرا کی ملاقات، پی ٹی آئی سے مذاکرات کے تیسرے دور اور مطالبات پر مشاورت کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے وفاقی وزرا اور لیگی رہنماﺅں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر ملاقات کی، پی ٹی آئی سے ہونیوالے مذاکرات کی تیسری نشست اور مطالبات پر مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں خواجہ سعد رفیق، اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد خان اور عطا تارڑ شریک ہوئے۔ وفاقی وزرا نے پی ٹی آئی سے جاری مذاکرات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے بارشوں کی صورتحال پر وفاقی و صوبائی اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کی مدد کےلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہداہات جاری کردیں۔ وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی و صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو صورتحال کی کڑی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی ادارے صوبائی حکومتوں و محکموں کے اشتراک عمل سے کام کریں، جہاں جس چیز کی ضرورت ہو، عوام کے تحفظ و مدد کےلئے فراہم کی جائے، جہاں ضرورت ہے وہاں عوام کو فوری محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جائے۔

وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی و دیگر متعلقہ اداروں کو بین الصوبائی قومی شاہراہوں کی مانیٹرنگ، لسبیلہ میں کوئٹہ، کراچی، شاہراہ اور بولان میں کوئٹہ، سبی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی و عوام کی سہولت کےلئے موثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی۔

شہبازشریف نے کہا کہ مختلف شاہراہوں و متاثرہ علاقوں میں عوام کو خبردار رکھا جائے، عوامی جان ومال کا تحفظ ترجیح ہے، بارشوں کی صورتحال میں شہری خدمات کے تمام محکمے الرٹ رہیں، قومی جذبے و ذمہ داری کے احساس سے کام کریں ،عوام سے بھی اپیل ہے موسمی شدت کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔

علاوہ ازیں مزدوروں کے عالمی دن پر اپنی ٹوئٹ میں شہبازشریف نے کہا کہ حقیقت یہ ہے عالمی منڈیوں میں اتار چڑھاو نے محنت کش طبقے کی معاشی معاشی مشکلات میں شدید اضافہ کیا، اجناس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے محنت کش طبقہ معاشی طور پر شدید دباو¿ میں ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ترقی کی وہ عمارت جو محنت کی بنیاد پر کھڑی ہے اگر تعمیر کرنےوالوں کو ترقی کے ثمرات سے محروم رکھا گیا تو عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجائےگی، مزدوروں کے حقوق کو پورا کرنا اور معاشی ترقی میں حصہ دار بنانا میرے خیال میں عالمی معیشت کےلئے بنیادی چیلنج ہے۔

اپنی ایک اور ٹوئٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا پی ٹی وی فلکس کا آغاز بہترین اقدام ہے، ایپ پی ٹی وی کے مواد کو مزید تقویت بخشے گی، پاکستان ٹیلیویژن کے ڈراموں نے کئی دہائیوں میں لاتعداد پاکستانیوں کو بہترین تفریح فراہم کی، ایپ کے ذریعے مواد اب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےلئے بھی قابل رسائی ہوگا۔ وزیر اعظم نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو کامیابی پر مبارکباد دی اور وزارت اطلاعات، پی ٹی وی کی جانب سے پراجیکٹ میں شامل عہدیداروں کی بھی بھرپور تحسین کی۔