تمام حربے ناکام ہونے پر عمران کو بچانے نئی جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ آ گئی ،مریم نواز

لاہور(اپنے رپورٹر سے)مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے جب عمران خان کے تمام حربے ناکام ہو گئے تو بچانے کےلئے نئی جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ آ گئی ،کچھ چہرے پرانے اور کچھ نئے شامل ہو گئے ،پیچھے سے بیٹھ کرڈوریاں کون ہلا رہا ہے؟۔

ثاقب نثارریٹائرمنٹ کے باوجود عمران خان کو لانے کےلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگارہا ہے،پارلیمنٹ نے جو قانون بنایا وہ قانون سپریم کورٹ کو مضبوط بناتا ہے ، سازشوں و ون مین شو کو ختم کرتا ہے ، پارلیمنٹ کے قانون پرعملدرآمد کرنا پڑےگا،آپ کو فیصلہ ماننا پڑے گا ،پارلیمنٹ اپنا فیصلہ منوا کر رہے گی ،قوم نظر رکھ کر بیٹھی ہے کیا فیصلے کرتے ہیں،فیصلوں سے پہلے جس طرح کی نا موشی ہو رہی ہے ،کوئی بھی عزت دار شخص ہوتا ہے جس پر اتنے سنگین الزامات لگے سنگین ثبوت سامنے آئے اگر ایسا کسی مہذب ملک میں ہوتا تو استعفیٰ دےکر گھر چلا جاتا تاہم یہ آج بھی وہیں کے وہیں بیٹھے ہیں،فکر ہے ان کے ہوتے ہوئے الیکشن ہو جائیں ورنہ الیکشن جتوانے والا کوئی نہیں ہوگا ،انتخابات اکتوبر میں ہی ہوں گے ، آرٹی ایس نہیں بیٹھے گا کیونکہ پرچہ آﺅٹ ہو چکا ،کسی کی ذاتی گفتگو ٹیپ کرنے کا کسی کو حق نہیں۔

چیف جسٹس کی ساس اور خواجہ طارق رحیم کی اہلیہ اپنی گفتگومیں گاجر کا حلوہ بنانے کی ترکیب ڈسکس کر رہی تھیں ؟، 3رکنی بنچ کاشہباز شریف سے کوئی معاملہ نہیں یہ اگلی تقرریاں روکنے کےلئے ہے ،سب ایک گروہ ہے ،سمجھتا ہے اپنا بندہ نہ آیا تو پوچھ گچھ شروع ہو جائے گی عمران خان سمیت سب احتساب سے بچنا چاہتے ہیں ،نواز شریف جلد ی ملک میں واپس آئے گا اور ترقی ،غریب کیلئے سستی روٹی کادورہ دوبارہ شروع ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوںنے ماڈل ٹاﺅن میں یوم مئی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر سینیٹر پرویز رشید و دیگر بھی موجود تھے۔

مریم نواز نے کہا محنت کش معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ،سخت ومشکل معاشی حالات میں بھی وزیر اعظم شہباز شریف نے کم سے کم اجرت کو 35ہزار تک مقرر کیا ،میں آپ کا پیغام پہنچاﺅں گی کم از کم اجرت 40ہزار ہونی چاہیے اگر ملک نواز شریف کے ویژن کے مطابق چلے اور ترقی میں کوئی رکاوٹ آڑے نہ آئے تو لوگوں کو باہر جا کر مزدوری کرنے کی ضرورت نہ پڑے ، سنا ہے فتنے نے مزدوروں کےلئے ریلی نکالی ، تم ریلی نہ نکالو صرف پاکستان کےخلاف سازش کرنا بند کر دو مزدور کا بھلاہو جائے گا،سازشی طریقوں سے اقتدار کے راستے ڈھونڈنا بند کرو مزدور کی روٹی ٹھیک ہو جائے گی ،ملک کے اندر بہت پوٹینشل ہے لیکن ترقی کی راہ میں ایک شخص حائل ہے جس کا نام عمران خان ہے،نیازی سیاسی مخالف نہیں بلکہ دہشتگرد ہے ،خدا کے واسطے ملک پر رحم کرو۔

سینئر نائب صدر ن لیگ نے مزید کہا مہنگائی کاذمہ دارصرف عمران خان نہیں بلکہ پورا ٹولہ و گینگ ہے جس نے ملک کو نوچ نوچ کھایا ،ملک کی جڑیں کو کون کھوکھلا کر رہا ہے ، کون گدھوںکی طرح کون نوچ کر کھا رہا ہے ،گینگ کا سرغنہ عمران خان ہے ،ثاقب نثار، فیض حمید ،آصف سعید کھوسہ، جسٹس مظاہر علی نقوی سمیت گینگ میں کرپٹ ترین لوگ شامل ہیں،مریم نواز نے کہا 2017ءمیں جب نواز شریف اور آپ کا پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا تو 2014ءمیں دھرنا فیل ہوا ،2016کا لاک ڈاﺅن ناکام ہوا ،جب پے درپے ہر چال ناکام ہوئی تو جسٹس آصف سعید کھوسہ نے دیکھا عمران خان کی تو ہر چال ناکام ہو رہی ہے اس نے عمران خان کو کہا ادھر اُدھر مارے مارے کیا پھرتے ہوئے میرے پاس آﺅ میںنواز شریف کو تمہارے راستے سے کانٹے کی طرح ہٹاتا ہوں،پھر اقامہ نکلا اور نواز شریف کو وزیر اعظم آفس سے نکال دیا گیا ،نواز شریف کو نقصان کم پاکستان کو زیادہ ہوا ہے ،اتنا بڑا نقصان کر دیاملک سنبھلنے میں نہیں آرہا۔

عمران حکومت ختم ہوئی تو لانگ مارچ ناکام ہوا،جیل بھرو تحریک ناکام ہوئی ،نئے آرمی چیف کی تقرری کو روکنے کی سازش ناکام ہوئی پھر اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ ناکام ہوا اب نئی جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ بچانے کےلئے آ گئی، ملک جتنے بھی آئینی و قانونی ہچکولے کھا رہا ہے توذمہ دار سو موٹو نوٹس ہے جو جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس مظاہر اکبر نقوی نے لیا ،عمران خان کی سیاست ہچکولے کھا رہی تھی پے درپے ناکام ہو رہی تھی تو جسٹس آصف سعید کھوسہ کی طرح پھر کہا گیا سہارا ،کندھا دوجو کیس لاہور ہائیکورٹ میں چل رہا تھا اس کو سپریم کورٹ کا 3رکنی زبردستی اپنے پا س لے گیا۔

سازش کو سمجھنے کی ضرورت ہے جس طرح قانون ،آئین اورانصاف کا تماشہ بنا کر رکھ دیا گیا اس میں صرف عوام ، سیاستدان نہیں بولے بلکہ سپریم کورٹ کے برادر ججز خود بول اٹھے اور چیخ اٹھے یہ کیا ہو رہا ہے ، سپریم کورٹ میں اتنی بڑی جنگ شروع ہو گئی پاکستانی قوم کا سر شرم سے جھک گیا ، قدرت کا مکافات عمل دیکھو نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پروزیر اعظم کے دفتر سے نکالا آج اپنا بیٹا ایک کروڑ 20لاکھ روپے رشوت لیتے پکڑا گیا ،ثاقب نثار کا بیٹا کہہ رہا ہے اگر تم نے ایک کروڑ 20لاکھ سے کم لئے تو تمہاری ٹانگیں توڑ دوں گا،چور کا بیٹا چور ہوتا ہے ،والد نے کیسی ٹریننگ دی ہوئی ہے ، اب ریٹائرڈ تو یہ عالم ہے جب پاکستان کی سب سے بڑی انصاف کی کرسی پر ہوگا تب کیا نا انصافی کرتا ہوگا۔

عوام پوچھتے ہےں ثاقب نثار ایک ٹکٹ کے ایک کروڑ 20 لاکھ لے سکتا ہے ہے تو پانامہ کیس میں نواز شریف کےخلاف فیصلہ کرنے کے تم نے کتنے پیسے لئے ؟،میرے خلاف آڈیو آئی جس میں کہ رہا ہے مریم کو ٹھوک دو مطلب مار دو کیونکہ وہ تمہارا چہرہ عوام میں ایکسپوز کرتی ہے ، سخت زبان بولتی ہے ، نواز شریف کو کچھ کرنے کی ضرورت ہے ،سب کچھ خو د سامنے آرہاہے،سازشوں ،فیصلوں میں گھر کا ہر فرد شامل ہے ،آپ کو قوم کو جواب دینا پڑے گا،ملک کے بھوکے مزدوروں کو جواب دینا پڑے گا،آپ کو پارلیمنٹ کا فیصلہ ماننا پڑے گا۔