تحریک انصاف عمران خان کی زیرقیادت آج لاہور میں ریلی نکالے گی

لاہور(مشرق نیوز) تحریک انصاف کے زیراہتمام لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی نکالی جائےگی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کا آغاز لبرٹی چوک سے دوپہر ایک بجے ہو گا، ریلی فیروز پور روڈ سے ہوتی ہوئی ایم اے او کالج پہنچے گی، لوئر مال روڈ سے ہوتی ہوئی ناصر باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گی۔ ریلی کا اچھرہ ،مزنگ سمیت دیگر راستوں پر بھر پور استقبال کیا جائےگا، ریلی کے اختتام پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی گاڑی سے کارکنوں سے خطاب کریں گے، ریلی میں لاہور سے رہنماو¿ں اور کارکنان کو شرکت کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو ریلی اجازت دے دی ہے، ریلی کی اجازت دن ایک بجے سے شام 6 بجے تک ہو گی، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے ریلی کے اجازت نامے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اجازت نامے کے مطابق ریلی کیلئے استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، ریلی انتظامیہ سٹیج، خواتین اور تمام انکلوڑرز کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہو گی اور تمام متعلقہ علاقوں میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی، ریلی میں عدلیہ اور اداروں کیخلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہوگی۔ تحریک انصاف سکیورٹی کو بہتر بنانے کیلئے فوکل پرسن اور متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے گی، ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے اور رواں دواں رکھنے کیلئے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔