لاہور (خبرنگار)گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار الفرید ظفر نے ملاقات کی اور ان سے میڈیکل ریسرچ ، شعبہ صحت اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ سائنسی علوم کی ترقی اور نت نئی ایجادات کا انحصار تحقیق و جستجو پر ہے ،ترقی یافتہ ممالک میں میڈیکل ریسرچ پر سمجھوتہ نہیں کیا جاتایہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں ان کی کامیابیوں کا لوہا منوایا جا رہا ہے کیونکہ جدید کمیونیکیشن کی بدولت ہم ایک گلوبل ویلج میں رہ رہے ہیں جہاں دنیا کے کسی ایک کونے میں ہونے والی وبائی امراض کے اثرات سے دوردراز کے ممالک بھی متاثر ہوتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستانی معالجین اور میڈیکل ریسرچ پر کام کرنے والے ماہرین کو ترقی یافتہ ممالک میں ہونے والی جدید تحقیق سے مکمل آگاہ رہنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں تاکہ مقامی طور پر عوام کو درپیش صحت کے مسائل سے احسن طریقے سے نمٹا جا سکے ، بلیغ الرحمن نے کہاصحت کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر پاکستانی شہری کو کسی تفریق کے بغیر علاج معالجے کی بہترین سہولیات حاصل ہوں ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مختلف ممالک میں پائی جانے والی بیماریاں و وبائی امراض بہت حد تک مماثلت رکھتی ہیں تاہم مقامی موسمی اثرات ،عوام کے رہن سہن ، خوراک اور حفظان صحت کے مسائل بھی بیماریوں پر اثر انداز ہوتے ہیں لہذا ماہرین کو اپنی تحقیق میں ان پہلوو¿ں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے ۔
صحت کا شعبہ انتہائی اہم ، علاج معالجے کی بہترین سہولیات ملنی چاہئیں:گورنرپنجاب
















