راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں اور کوئی فرض مادرِ وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں، دشمن عوام و افواج میں دراڑ ڈالنے کی سازشیں کررہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 147ویں پی ایم اے لانگ کورس، 13ویں مجاہد کورس، 66ویں انٹیگریٹڈ کورس، چھٹے بیسک ملٹری ٹریننگ کورس اور 21ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ پاکستان ملٹری کا اکیڈمی میں ہوئی۔
جنرل سید عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ریاست کا محور پاکستان کے عوام ہیں، پہلی اور سب سے اہم ذمہ داری ریاستِ پاکستان کے ساتھ وفاداری اور پاکستان کی مسلح افواج کو تفویض کردہ آئینی کردار سے وابستگی ہے۔
فوج عظیم قائد کے نظریہ پر عمل پیرا ہے جس میں ذات، رنگ، نسل، جنس یا علاقائی تفریق نہیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا امن کے لیے ہماری کوششوں کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے، مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاک فوج اپنے فرض کو نبھانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
افواجِ پاکستان کے غیور اور سر بکف سپاہی دشمن کی تعداد یا وسائل سے مرعوب نہیں ہوتے ۔
آرمی چیف نے کہا دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے، بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے ، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کی ملک میں کوئی جگہ نہیں، اپنے ظاہری اور چھپے دشمن کو پہچاننا ہو گا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں واضح فرق روا رکھنا ہوگا، عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری کو جان لینا چاہیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا۔
دشمن عوام اور فوج میں دراڑ کی سازشیں کررہا ہے: آرمی چیف

















