عدالت آئین ری رائٹ نہیں کرسکتی، اختیار صرف پارلیمنٹ کاہے،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے عدلیہ آئین کی تشریح کر سکتی ہے ری رائٹ نہیں کر سکتی، اختیار صرف اور صرف پارلیمان کا ہے، آئین نے پارلیمان کی گود سے جنم لیا ، تمام اداروں کو آئین کی پاسداری کےلئے یکسو ہونا پڑے گا،کبھی نہیں ہوا پارلیمنٹ کوئی قانون بنائے اور عدلیہ حکم امتناع جاری کر دے، ریاست کو بچانے کےلئے اپنا سیاسی اثاثہ قربان کرنے میں ایک لمحہ بھی نہیں ہچکچائیں گے۔

پی ٹی وی سینٹر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا بڑی خوشی کا موقع ہے آئین پاکستان کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں تبدیل کردیا گیا ،موبائل ایپ کے ذریعے کروڑوں پاکستانی آئین کی منشا اور اساس سے استفادہ حاصل کر سکیں گے،شہباز شریف نے کہاماضی کی سیاسی قیادت نے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھ کر آئین تخلیق کیا، آئین کی پاسداری و احترام کےلئے تمام اداروں کو یکسو ہونا پڑے گا،آئین نے پارلیمان کی گود سے جنم لیا ، عدلیہ آئین کی تشریح کرسکتی ہے لیکن آئین کو ری رائٹ نہیں کرسکتی، صرف اور صرف پارلیمان کا اختیار ہے۔

پاکستان دوراہے پر کھڑا ہے، مجھ سمیت ہم تمام سیاستدانوں سے بے شمار غلطیوں ہوئیں، بڑے لوگ وہی ہوتے ہیں جو اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے چلتے ہیں اور خود کو قومی مفاد کے تابع کرتے ہیں،اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا اب ساتھ ملکر پاکستان کے حالات بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے،وزیراعظم نے کہا انتہائی مشکل حالات میں ملک ملا، پوری طرح یکسو ہیں ریاست کو بچانے کےلئے اپنے سیاسی اثاثے کو قربان کرنے میں قطعاً نہیں ہچکچائیں گے۔

دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی پارلیمان کے قانون بنانے سے پہلے عدلیہ حکم امتناع جاری کردے، پہلی مرتبہ ہوا ،پارلیمنٹ اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کرے گی، عدلیہ اور بارز سے یہی توقع ہے وہ آئین و قانون کے محافظ بنیں،آئین کو نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ عصر حاضر کا بہترین فیصلہ ہے، سکول و کالجوں میں آئین نصاب کا حصہ بن جائے گا تو آئین پاکستان کے بچے بچے کو حفظ ہوجائے گا جس سے قانون کی حکمرانی میں مدد ملے گی۔

دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ملاقات کی،ملکی دفاع اور افواج پاکستان کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا جدید ترین روبوٹک سرجری جیسے اہم اقدام کے آغاز پرپاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ(پی کے ایل آئی) ہسپتال کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز تحسین کے لائق ہیں،عظیم فلاحی منصوبہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے عتاب کا شکار رہا وہ دن دور نہیں جب پی کے ایل آئی جگر اور گردے کے علاج و پیوندکاری کیلئے پاکستان کاجان ہاپکنز بنے گا۔