اسلام آباد (مشرق نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تھریٹس کا جائزہ لےکر سابق وزیراعظم عمران خان کوسکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دےدیا۔چیئرمین پی ٹی آئی سے سکیورٹی واپس لینے کے معاملے پر درخواست کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کی جس کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے عدالت نے حکم دیا کہ تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی عمران خان کو تھریٹس کے لیول کا جائزہ لےکر سکیورٹی فراہم کرے۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے فیصلے مناسب مگر محسوس ہوتا ہے کہ صرف کاغذوں کی حد تک ہیں۔ پٹیشنر کے وکیل نے کہا عمران خان بطور سابق وزیراعظم جس سکیورٹی کے حقدار ہیں وہ فراہم کی جائے۔ اسلام آباد آنے پر عمران خان کو سکیورٹی نہیں دی جاتی۔عمران خان اپریل 2022 تک وزیراعظم رہے، قانون کے مطابق سابق وزیراعظم کی سکیورٹی کے حقدار ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم نامے میں لکھا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق عدالت میں پیشی کے موقع پر عمران خان کو فول پروف سکیورٹی دی گئی۔ تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی تھریٹس کی مناسبت سے سکیورٹی انتظامات کرتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ عمران خان کو سکیورٹی فراہم کرتے ہوئے حالیہ جان لیوا حملے اور تھریٹ لیول کو مد نظر رکھنا ضروری ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ تھریٹس کا جائزہ لے کر سابق وزیراعظم عمران خان کوسکیورٹی فراہم کی جائے۔
عمران خان کو تھریٹس کا جائزہ لےکر سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم
















