اسلام آباد(بیورورپورٹ)پنجاب کے انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کافنڈز دینے سے پھر انکار،تحریک کثر ت رائے سے مسترد،تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی نے پنجاب کے انتخابات کیلئے 21 ارب جاری کرنے سے ایک بار پھر انکار کرتے ہوئے ضمنی گرانٹ منظور کرنے کی تحریک مسترد کر دی۔
قومی اسمبلی کااجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ قیصر شیخ کی جانب سے کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی،قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے حکم پر سٹیٹ بینک کو الیکشن کیلئے فنڈز جاری نہ کرنے کی قائمہ کمیٹی کی سفارش منظور کرلی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کابینہ کی جانب سے ریفر کی گئی سمری بطور تحریک ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہاگزشتہ اجلاسوں میں ایوان نے سپریم کورٹ کے 2 صوبوں میںانتخابات کیلئے جاری فیصلوں پر متفقہ قراردادیں منظور کیں،سو موٹو نوٹس سے شروع ہونے والے مقدمے پر 9 رکنی بنچ بنایا گیا جن میں سے 2 جج صاحبان نے خود کو کیس سے الگ کیا پھر 7 رکنی بنچ بنا ،4 ججز نے پیٹیشز خارج کیں،از خود نوٹس کیسز نہیں ، کیسز صوبائی ہائیکورٹس میں چل رہے ہیں،فیصلے بھی ہائیکورٹس میں ہونے چاہئیںپھر3 ججز کے فیصلے کو آرڈر آف دی کورٹ بنا کر جاری کیا گیا، الیکشن کمیشن نے فریقین کو سننے کے بعد آئینی دفعات کو مد نظر رکھتے ہوئے الیکشن اکتوبر میں کرانے کا اعلان کیا۔
وزیر قانون نے کہامعاشی حالات میں کسی ایک شخص کی انا کےلئے انتخابات کا بار بار ہونا ملکی مفاد میں نہیں ،ایک ہی مرتبہ انتخابات سے جمہوریت مضبوط ہوگی،معاشی مشکلات کے باوجود کسی ایک شخص کو خوش کرنے کیلئے الیکشن کرانے کا فیصلہ دیا گیا،ہاوس نے قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا ملک بھر میں ایک وقت میں انتخابات ہوں اور کہا3ججز کے فیصلے پر عمل نہیں ہوگا،سپریم کورٹ کے فنڈز جاری کرنے کے حکم پربل پیش کیا اگر فنڈز کو چارجڈ ایکسپنڈیچر مان لیا جائے،ایوان اجازت دے تو چارجڈ ایکسپنڈیچر تصور کریں لیکن ایوان نے بل کو مسترد کردیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا گزشتہ دنوں دوبارہ ان چیمبر سماعت ہوئی جس میں سٹیٹ بینک کو ہدایت کی گئی وزارت خزانہ کی اجازت کےساتھ فیڈرول کنسولیٹیڈ فنڈز میں سے 21 ارب الیکشن کمیشن کو منتقل کردیں،وزیر قانون نے کہاآئین کے آرٹیکل بڑے واضح ہیں فیڈرل کنسولیٹڈ فنڈز میں سے چارجڈ ایکسپنڈیچر کے علاوہ کوئی بھی رقم آپ نے نکالنی ہے تو پھر ایوان اجازت دےگا،قائمہ کمیٹی نے محکمہ فنانس کو حکم دیا معاملہ کابینہ میں لے جائیں، کابینہ نے معاملے پر غور کیا جس کے بعد بات سامنے آئی مناسب متعلقہ فورم جسے فیڈرل کنسولیٹڈ فنڈز کے اجرا کا اختیار ہے وہ ایوان ہے اب ایوان رائے دے اجازت دی جائے یا نہیں۔
وزیر قانون نے 21 ارب جاری کرنے کےلئے تحریک پیش کی جسے قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے مسترد کردیااس کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اجلاس آج 12 بجے تک کےلئے ملتوی کردی،اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس چیئرمین قیصر شیخ کی سربراہی میں ہو ا ،چیئرمین کمیٹی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی عدم شرکت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ایک سال سے کمیٹی اجلاس میں وزیر خزانہ نہیں آئے۔
قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا پنجاب، خیبرپختونخوامیں الیکشن کرانے کےلئے سپریم کورٹ کے احکامات سنانا چاہتا ہوں،رکن کمیٹی برجیس طاہرنے وزیرقانون اعظم نذیرتارڑکو بریفنگ سے روک دیا،برجیس طاہر نے کہا اب سپریم کورٹ آرٹیکل84 میں بھی اپنی مرضی کی ترمیم کرلے، سٹیٹ بینک کا الیکشن کرانے کےلئے فنڈ جاری کرنا خلاف قانون ہے اگرصرف پنجاب میں الیکشن ہوئے تو پورے ملک کو اثراندازکریں گے، ابھی ہونے والے الیکشن چھوٹے صوبوں کا استحصال کریں گے۔
پنجاب میں الیکشن ملک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے،طریقہ کار درست نہیں، سپریم کورٹ نے63 اے میں ترمیم کر کے ملکی سیاسی سسٹم کا بیڑا غرق کر دیا، سپریم کورٹ اب آرٹیکل 84 میں بھی ترمیم کر دے، فنڈز کا اجرا حکومت کی صوابدید ہے، سپریم کورٹ گورنر سٹیٹ کو کیسے ہدایت کرسکتی ہے،وزیر قانون نے کہا فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈ کے ایک ایک پیسے کا حساب وفاقی حکومت رکھتی ہے، وزارت خزانہ کہہ چکی انتخابات کےلئے بجٹ میں اضافی فنڈز نہیں رکھے گئے، انتخابات پر 2بار اخراجات ملکی مفاد میں نہیں ۔
سپریم کورٹ نے سٹیٹ بینک کو فنڈز کا انتظام کرنے کی ہدایت کی، سرکاری فنڈزکے ٹرسٹی عوام کے منتخب نمائندے ہیں،2 مرتبہ الیکشن اخراجات ملکی مفادمیں نہیں، آئین کاآرٹیکل بالکل واضح ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے کااحترام ہے مگر آئین سب سے مقدم ہے،آئین کے تحفظ کا حلف لے رکھا ہے، افسر آئین کوپس پشت ڈال کر کیسے پیسے دے سکتے ہیں؟کل اگر فنڈز فراہمی کا عمل غیر آئینی ثابت ہوا تو سٹیٹ بینک کے ملازمین تنخواہیں دے کر 21 ارب پورا کریں گے؟۔
قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک سیما کامل نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاسپریم کورٹ نے 21 ارب ایلوکیٹ کرنے کا حکم دیا،سپریم کورٹ کے حکم پر رقم مختص کی لیکن اجراکااختیارسٹیٹ بینک کے پاس نہیں، فنڈزمختص کرنے سے پیسے اکاونٹ میں ہی موجود رہیں گے۔
وزیر قانون نے کہا سپریم کورٹ نے ہدایت دی لیکن فیڈرل کنسولیڈیٹڈ فنڈز حکومت پاکستان کا ہے،رواںسال بجٹ میں الیکشن کےلئے پیسے مختص نہیں کیے گئے اور سپلیمنٹری گرانٹ کے طورپرمنظوری لینے کےلئے قومی اسمبلی سے منظوری لیناہوگی،چیئرمین کمیٹی نے کہا سٹیٹ بینک سے بھی پوچھ لیں انہوں نے کیا جواب دیا ہے، قائم مقام گورنر نے کہا سپریم کورٹ کا حکم آیا پیش ہوئے، بتایا پیسے مختص کرسکتے ہیں مگر اجازت وزارت خزانہ دے گی اس دوران وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہاقانون کے مطابق ہی عملدرآمد کریں گے ، سمری وفاقی کابینہ کو بھیج دیتے ہیں،وزیر قانون نے کہا معاملہ قومی اسمبلی اجلاس میں حل ہوجائے گا،سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کی منشا ءکے مطابق متعلقہ فورم میں جانا چاہیے۔
پنجاب انتخابات،قومی اسمبلی کافنڈز دینے سے پھر انکار،تحریک مسترد
















