سپریم کورٹ وزیراعظم اور کابینہ پر توہین عدالت لگائے،فواد چودھری

لاہور(خبر نگار)رہنما پی ٹی آئی و سابق وزیر فواد چودھری نے کہاہے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات پر بات چیت کا وقت گزر گیا ،مذاکرات صرف قومی اسمبلی الیکشن پر ہوں گے،الیکشن فنڈز نہ دینے پر سپریم کورٹ وزیراعظم اور کابینہ پر توہین عدالت لگائے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاآئین کیخلاف ملکر نہیں بیٹھ سکتے، نوازاور مریم کا لندن پلان شہباز شریف کو نا اہل کرانا ہے،پی ٹی آئی مذاکرات کے معاملے پر یکسو ہے، حکومت کی جانب سے مذاکرات پر کوئی سنجیدگی نہیں، مذاکرات صرف آئین و سپریم کورٹ کی مقرر کردہ حدود میں ہو سکتے ہیں۔

پنجاب، خیبرپختونخوا میں انتخابات نہ ہوناآئین سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں، مذاکرات آئین سے باہر نہیں ہوسکتے،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سٹیٹ بینک کا ابھی تک فنڈز جاری نہ کرنا حکم عدولی ہے، سپریم کورٹ وزیراعظم اور کابینہ کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی شروع کرے، سپریم کورٹ نا اہلی کا شوق پورا کرے،پنجاب میں ہر صورت 14 مئی کو انتخاب کرانا ہوں گے ورنہ سڑکوں پر دما دم مست قلندر ہوگا۔