چینی مافیا کیخلاف کریک ڈاون کی منظوری

اسلام آباد/ لاہور (بیورو رپورٹ+ اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم شہبازشریف نے چینی کی سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کےخلاف بڑے کریک ڈاﺅن کی منظوری دےدی، فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت لاہور میں منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا ۔

اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی، وزیراعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خوراک پنجاب، آئی جی پولیس و دیگر حکام شریک ہوئے، وزیراعظم ہاوس کے مطابق وزیراعظم نے ناجائز منافع خوری و سمگلنگ کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور سمگلنگ کے تدارک کےلئے پیر کو اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں چینی سمیت دیگر اشیاءکی سمگلنگ کے خاتمے کےلئے ملک گیر کارروائی کی حکمت عملی تیار ہو گی۔

وزیراعظم نے سمگلنگ ، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث کرداروں سے آہنی ہاتھوں نمٹنے اورسخت سزا دینے کی بھی ہدایت کردی، وزیراعظم نے کہاعوام کو سمگلروں ، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا،عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے۔

وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو صوبے میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کےلئے موثر اقدامات و نگرانی اورصوبائی حکومت کو طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کردی تاکہ سمگلنگ و ذخیرہ اندوزوں سے پکڑی جانے والی چینی عوام کو معیاری قیمت پر فراہم ہوسکے۔ وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو چینی مل مالکان سے ملاقات اورملکر چینی کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے اقدامات کاحکم بھی دےدیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت لاہور میں جاری عوامی سہولت کے ترقیاتی کاموں و مجوزہ منصوبوں پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں مشیر وزیر اعظم احد خان چیمہ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وفاقی و صوبائی افسروں نے شرکت کی، امامیہ کالونی فلائی اوور کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پنجاب کی ترقی کا جو سفر ہم نے شروع کیا تھا اسے گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر روکا،پنجاب کے عوام سے ن لیگ (ن)کی حمایت کا انتقام لیا گیا، لاہور میں نئے منصوبے تو درکنار، ن لیگ کے شروع کئے گئے منصوبوں کو تعطل کا شکار رکھا گیا،پی ٹی آئی حکومت کے 4سال پنجاب نا اہل و کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کے سپرد رہا،سابق دور میں پنجاب کی ترقی پر توجہ کی بجائے وزارت اعلیٰ کے منصب کو وفاق میں سیاسی جوڑ توڑ کیلئے استعمال کیا جاتا رہا،عوامی فلاحی منصوبے جو اب تک مکمل ہو کر لوگوں کی مشکلات میں کمی کر چکے ہوتے، سالہا سال تاخیر کا شکار رہے۔

شہباز شریف نے تمام جاری منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کئے،وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو 3رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی جو آئندہ اجلاس میں منصوبے پر تفصیلی بریفنگ پیش کرےگی۔

مزید برآںوزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں زیر تعمیر برج سائٹ ،سی بی ڈی انڈر پاس کا اچانک دورہ کیا،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی ، چیف سیکرٹری پنجاب بھی ہمراہ تھے۔ ایل ڈی اے حکام و دیگر افسروں نے وزیراعظم کو بریفنگ دی،وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو پراجیکٹ اڑھائی کی بجائے ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید نے وزیر اعظم شہباز شریف کو منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا اوور ہیڈ برج کی لمبائی 540 میٹر اور چوڑائی 11.1 میٹر ہے، منصوبے کا تخمینہ 1712ملین ہے،وزیر اعظم نے سی بی ڈی منصوبے پر تھرڈ پارٹی تبدیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا منصوبے کی جلد تکمیل سے لوگوں کو سہولت میسر آئےگی۔ شہباز شریف نے منصوبے پر 24گھنٹے کام کر کے 2 ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہاساری مشینیں لگائیں اور کام جلد مکمل کریں، مجھے اڑھائی ماہ کا ٹائم نہ بتائیں، عید کی چھٹیوں کے دوران مزدوروں کو3گنا اجرت دیں تو وہ خوشی سے کام کریں گے۔

وزیراعظم نے کام کی رفتا ر اور لیسکو کے شٹ ڈاﺅن پروگرام پر ناراضگی کا اظہار کیا اورتاخیر کا باعث بننے والے حکام کےخلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔