مفتی عبدالشکور آہوں،سسکیوں میں سپرد خاک،گرفتار ڈرائیور کاریمانڈ منظور

لکی مروت،اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،بیورورپورٹ)مفتی عبدالشکور آہوں،سسکیوں میں سپرد خاک،گرفتار ڈرائیور کاریمانڈ منظور،تفصیلات کے مطابق ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونےوالے جمعیت علما اسلام کے رہنما اور وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کو آبائی علاقے تاجبی خیل کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

نماز جنازہ میں ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ، مولانا انور، خان شیرانی و دیگر سیاسی، سماجی شخصیات سمیت ہزاروں کی تعداد میں جے یو آئی کارکنوں نے شرکت کی،اس موقع پر کارکن شدت غم سے نڈھال اور دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔

قبل ازیںنمازہ جنازہ اسلام آباد میں جامعہ دارالسلام سیکٹر جی 6 میں فضل الرحمن نے پڑھائی، نماز جنازہ میں اراکین پارلیمنٹ سمیت علمااور جے یو آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

د وسری جانب جے یو آئی رہنما حاجی قدرت کی مدعیت میں ٹریفک حادثے کا مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں درج کر لیا گیا،درخواست گزار نے موقف اپنایا مولانا افطاری سے پہلے میرے گھر آئے، 8 بجکر 22 منٹ پر پارلیمنٹ لاجز کیلئے نکلے، رات 10 بجے میرے کک کو سرکاری ڈرائیور نے حادثے سے آگاہ کیا،مولانا اپنی سرکاری گاڑی خود چلاکر لے جا رہے تھے، ویگو ڈالے کے ڈرائیور نے غفلت، لاپرواہی اور تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے مولانا کی گاڑی کو ہٹ کیا، مفتی عبدالشکور کی موقع پر موت ہوگئی،واقعہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے، ہر پہلو کو ملحوظ خاطر رکھ کر کارروائی کی جائے۔

دریں اثنا مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والے ڈرائیور کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا، عدالت نے ڈرائیور ملزم راو گل خان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

مزید برآںپولیس نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی،رپورٹ کے مطابق مفتی عبدالشکور کی گاڑی سے ٹکرانے والی گاڑی کی رفتار 110 کلومیٹر جبکہ حادثے کے وقت مفتی عبدالشکور کی گاڑی کی رفتار 30 کلو میٹر تھی،شاہراہ دستور پر جائے حادثہ پر گاڑی کی حد رفتار 60 کلو میٹر فی گھنٹہ مقرر ہے،ٹکر مارنے والی گاڑی میں کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں ،حادثے کے باعث مفتی عبدالشکور کی گاڑی کا ٹائر اور ایکسل الگ ہو گیا، شاہراہ دستور پر جائے حادثہ پر اس وقت ٹریفک سگنلز فری تھے،ذرائع کے مطابق ویگو گاڑی پولٹری بزنس سے وابستہ شخصیت کے سکواڈ میں شامل تھی۔