مذاکرات کے دروازے بند کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتا: بیرسٹر عامر حسن

لاہور (قاسم رضا سے) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری بیرسٹر عامر حسن نے روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے دروازے بند کرنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتا، موجودہ سیاسی و آئینی بحران کی متعدد وجوہات ہیں جن میں سے ایک بات پر اصرار ہے کہ عدالت کا اقلیتی فیصلہ اکثریتی فیصلے پر فوقیت حاصل کر لے، اس موقف کا قانونی، اخلاقی اور سیاسی طور پر کوئی جواز نہیں اور اس پر نظرثانی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کےلئے ضروری ہے کہ تمام اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن کرائے جائیں جیسا کہ آئین میں کہا گیا ہے۔ جب تمام ملکی اداروں نے اپنی اپنی رپورٹس میں یہ کہہ دیا ہے کہ موجودہ معاشی ،سیاسی حالات میں ملک انتخابات کا متحمل نہیں ہو سکتا تو ملک کے ان اداروں کی رپورٹس کو سامنے رکھ کر ہی ملک میں ایک ساتھ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ہونے چاہیے محض عمران خان کی خوشنودی کی خاطر صرف دو صوبوں میں الیکشن کروانا کہاں کی عقل مندی ہے اس وقت ملک بھر کی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی بے روز گاری سے نجات حاصل کرنا ہے جس ملک میں صرف آٹے کے حصول کے لیئے لوگ اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے دے رہے ہوں وہاں کرسی کی جنگ لڑنے والے کو سب سے بڑا مفاد پرست کہا جاتا ہے اور عمران خان اس وقت اقدار کی نہیں بلکہ کرسی کی جنگ لڑرہا ہے۔بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا کریڈٹ بھٹو شہید کوجاتا ہے اور پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا بھر میں منوانے کا کریڈٹ بھی بھٹو شہید کو ہی جاتا ہے بھٹو شہید کی حکومت سے پہلے پاکستانی پاسپورٹ تو صرف گنتی کی اشرافیہ کو ہی ملتا تھا مگر بھٹو شہید نے اس پاسپورٹ کو ایک غریب کو دیکر کہا کہ اگر وہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کی خاطر باہر کے ملک میں جا کر کام کرنا چاہتا ہے تو یہ اس کا حق ہے اور یہ حق بھٹو شہید نے ہر پاکستانی کو دیا آج جو لوگ بیرون ممالک میں بڑے ٹھاٹھ باٹھ سے زندگی بسر کررہے ہیں یہ اللہ کے بعد ان کو بھٹو شہید کی کاوشوں سے ملا ہے آج ملک کو اس بات کی ضرورت ہے کہ بھٹو شہید کے ملک کو آئینی بحران سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔