حکومت کےساتھ مذاکرات میں نہیں بیٹھوں گا،عمران خان

لاہور(خبر نگار)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے وہ حکومت کےساتھ مذاکرات میں نہیں بیٹھیں گے اگر بات چیت ہوئی تو پارٹی کے دیگر اراکین کریں گے جن کو چور اور کرپٹ کہتا ہوں ان کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ 90روز میں انتخابات ہیں۔

ابھی انتخابات نہیں ہوئے تو اکتوبر میں انتخابات کے امکانات کم ہیں،مذاکرات ہوئے تو صرف الیکشن کے معاملے پر ہوں گے، انتخابات کی طرف نہیں جاتے تو پھر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔

غیر ملکی میڈیا کو دئیے گئے انٹر ویو میں عمران خان نے کہا میرا کسی سے کوئی رابطہ نہیں تاہم انتخابات پر بات کرنے کو تیار ہوں، اپنے مفادات کےلئے سپریم کورٹ کو تقسیم کرنا نواز شریف کی پرانی روش ہے،سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ ماننے کا مطلب ہے ملک میں آئین و قانون ختم ہوگیا لیکن پوری قوم سپریم کورٹ کےساتھ کھڑی ہوگی۔