مفت آٹے کی تقسیم انتظامی سیکرٹریز کو مانیٹرنگ کے فرائض تفویض

لاہور (اپنے رپورٹر سے)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹے کی تقسیم کے سلسلے میں محکموں کے سیکرٹریز کو مانیٹرنگ کے فرائض تفویض کر دیئے،سول سیکرٹریٹ میں ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا محکموں کے سیکرٹریز اضلاع کے دورے کر کے رپورٹ باقاعدگی سے بھجوائیں۔

مفت آٹے کی تقسیم حکومت کا بڑا اقدام ہے اور مستحق افراد تک حق پہنچانا انتظامی افسروں کی ذمہ داری ہے،رش کو مد نظر رکھتے ہوئے آٹا پوائنٹس پر کاونٹرز کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جائے اورملازمت پیشہ افراد کی سہولت کیلئے شام کی شفٹ بھی شروع کی جائے، تمام محکموں کو پیپرلیس ورکنگ شروع کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہامحکموں کی کارکردگی و گورننس میں بہتری کیلئے آئی ٹی کا استعمال نا گزیر ہے۔

شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ای پروکیورمنٹ کا نظام متعارف کرایا جا رہاہے، چیف سیکرٹری نے محکمہ سپیشل ایجوکیشن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہاخصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے، اضلاع میں ڈی پی ایس سکولز میں آٹزم میں مبتلا بچوں کیلئے خصوصی بلاکس تعمیر کئے جائیں گے۔