لاہور (کورٹ رپورٹر)خدا کا واسطہ نظام اور قوم کی زندگی چلنے دیں،لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے سے روکدیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کی دفعہ 144کے نفاذ کیخلاف درخواست پر سماعت کی، حماد اظہر کے وکیل نے موقف اختیار کیا الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد دفعہ 144نافذ نہیں کی جاسکتی، عدالت نگراں پنجاب حکومت کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے اور مستقبل میں بھی دفعہ144کیلئے گائیڈ لائن جاری کرے۔
عدالت نے کہا آپ کو اندازہ نہیں چند ماہ سے قوم کی کتنی بے عزتی ہوئی ،آئی جی پنجاب نے پی ٹی آئی کارکنوں کی طرف سے پولیس پر حملے کی تیاری کی تصاویر عدالت میں پیش کردیں اور کہا جتنی بے عزتی ہوئی ہے وہی کافی ہے،جسٹس طارق سلیم شیخ عدالت نے آئی جی پنجاب سمیت پی ٹی آئی رہنماوں کو بیٹھ کر معاملات کلیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاعمران خان کی سکیورٹی کا مسئلہ اور دفعہ 144 کا معاملہ بیٹھ کر حل کریں۔
عدالت نے کہا آپ لوگوں نے جو بھی ریلی نکالنی ہو تو15دن پہلے پلان دیں ،کوئی شادی بھی کرتا ہے تو پہلے پلان کرتا ہے، ایسا نہیں ہو سکتا صبح اٹھیں اور جلسے کا اعلان کر دیں،انتظامی معاملات کو بھی دیکھنا ہے، آپ آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کے ساتھ بیٹھیں اور میکانزم بنائیں،خدا کا واسطہ ہے سسٹم اور قوم کی زندگی کو چلنے دیں۔
جسٹس طارق سلیم نے کہا اگر پی ٹی آئی اتوار کو ریلی یا جلسہ نہیں روکتی تو حکم نامہ جاری کردوں گا،کیس کی سماعت آج تک ملتوی کر دی گئی ۔
خدا کا واسطہ نظام اور قوم کی زندگی چلنے دیں،ہائیکورٹ،پی ٹی آئی کو مینار پاکستان پر جلسے سے روکدیا
















