عدالتی آبزرویشن کچھ بھی ہوں مگر پارلیمنٹ کی ہر قانون سازی آئینی ہوتی ہے،سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کیس میں عمران خان اور شیخ رشید سے جواب طلب ،تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی درخواستوں پر جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سپریم کورٹ میں پیش ہوئے،سپریم کورٹ نے استفسار کیا اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق کے قانون میں ترمیم آئینی طور پر کیسے درست نہیں؟۔
شیخ رشید کے وکیل نے کہا الیکشن کمیشن نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ روک رکھا ہے، الیکشن کمیشن اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے اقدامات کر لے تو کوئی رکاوٹ نہیں،جسٹس منیب نے کہا ہائیکورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کا حق لینے کی ترامیم پر درخواست خارج کر دی تھی، پارلیمان نے 2017ءمیں الیکشن ایکٹ بنایا، سمندر پار پاکستانیوں کے حق پر الیکشن ایکٹ کا سیکشن 94 واضح ہے، سپریم کورٹ نے 2018ءمیں سیکشن 94 کو آئین کے مطابق قرار دیا ، 2021ءمیں قانون کو مزید بہتر کیا گیا، 2022ءمیں پارلیمنٹ واپس پرانی سطح پر لے آئی، سپریم کورٹ نے پہلے جس قانون کو آئینی قرار دیا اب غیر آئینی کیسے قرار دے؟۔
وکیل نے کہا نادرا کے مطابق الیکشن کمیشن معاہدہ کرے تو ایک سال میں آئی ووٹنگ کا سسٹم بنا سکتے ہیں، پہلے بھی نادرا نے ایک سال کا وقت مانگا تھا، عدالت کے کہنے پر 6 ماہ میں سسٹم بنا،سپریم کورٹ نے کہافریقین کے جوابات آ جائیں تو عملدرآمد کا جائزہ بھی لیں گے،جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کیا الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہوئے؟ پارلیمنٹ اپنے بنائے قانون میں ترمیم کر رہی ہے تو عدالت مداخلت کیوں کرے؟۔
عدالتی آبزرویشن کچھ بھی ہوں مگر پارلیمنٹ کی ہر قانون سازی آئینی تصور ہوتی ہے،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آپ نے تو اوورسیز ووٹ کے حق کے قانون کو ہی کالعدم قرار دینے کی درخواست کر دی ،جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا آپ اپنی ترمیمی درخواست جمع کرا دیں،جسٹس منیب اختر نے کہا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر دائر درخواست واضح ہونی چاہیے، کیا کوئی آئینی ضابطہ پارلیمنٹ کو قانون اصل حالت میں بحال کرنے سے روکتا ہے؟عدالتی سوالات پر تیاری کر کے آئیں،سپریم کورٹ نے عمران خان اور شیخ رشید کو جواب جمع کرانے کا وقت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔