کاپی رائٹ آرڈیننس میں مجوزہ ترامیم کا مقصد آئی پی او پاکستان ایکٹ 2012ءکے مطابق لانا ہے: فرخ امل

لاہور (کامرس رپورٹر) انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس آرگنائزیشن (IPO ) کے چیئرمین فرخ امل نے گزشتہ روز یہاں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں مجوزہ ترامیم کاپی رائٹ آرڈیننس 1962ءپر کاپی رائٹ سٹیک ہولڈر کے ساتھ پانچویں مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پنجاب سے فلم ڈائریکٹرز، اداکاروں،پروڈیوسرز، موسیقاروں، مصنفین، گلوکاروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر آئی پی او کے چیئرمین نے کہا کہ مجوزہ ترامیم کا مقصد کاپی رائٹ آرڈیننس کو آئی پی او پاکستان ایکٹ 2012ءکے مطابق لانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے مشاورتی اجلاسوں سے آئی پی او کو کاپی رائٹ آرڈیننس 1962ءمیں موجودہ تعریف کے دائرہ کار میں نئی ٹیکنالوجی لانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کاپی رائٹ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مجوزہ ترامیم ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے بہت مددگار ثابت ہوں گی۔ قبل ازیں پروڈیوسروں، مصنفین اور اداکاروں نے چیئرمین کو اپنے کام کی رائلٹی اور کاپی رائٹ کے حوالے سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔