ملکی تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری شروع،گھر گھر گنتی کا مکمل آغاز

اسلام آباد (بیورورپورٹ) ملکی تاریخ میں پہلی بار خانہ و مردم شماری کی فیلڈ سرگرمیاں ڈیجیٹل طور پر شروع کر دی گئیں، چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر نے ''ہاؤس لسٹنگ ایپ'' میں پہلے بلڈنگ سٹرکچر کا اندراج کرکے فیلڈ آپریشن کا افتتاح کیا، دریں اثنا تمام ڈویژنز میں افتتاح متعلقہ کمشنرز کی جانب سے کیا گیا،مردم شماری کے سب سے اہم سٹیک ہولڈرز ہونے کی حیثیت سے پاکستان کے شہریوں کو پر زور تاکید کی جاتی ہے مردم شماری کے فیلڈ آپریشن کے دوران اپنی مکمل شرکت و تعاون کو یقینی بنائیں، مردم شماری میں شرکت نہ صرف اخلاقی وقانونی ذمہ داری ہے بلکہ حکومت کو موقع بھی فراہم کرتی ہے وہ حقوق کے حصول اور دہلیز پر بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بہترین منصوبہ بندی کرے،پی بی ایس پہلے ہی 20 فروری 2023 کو خود شماری پورٹل https://self.pbs.gov.pkکا آغازکر چکا جو جنوبی ایشیا ء کے کسی بھی ملک میں فراہم کیا جانیوالا پہلا پورٹل ہے،پورٹل کاشہریوں کا خود کو رجسٹر کرنے اور پورٹل کے ذریعے گنتی کرنے کیلئے زبردست کردار رہا ہے، خود شماری پورٹل کے ذریعے مردم شماری میں شہریوں کی شرکت غیر معمولی ہونے کے ساتھ ساتھ توقعات سے بھی بڑھ کر ہے، پی بی ایس شہریوں کی قابل قدر آرا کی بنیاد پر پورٹل کو مزید صارف دوست بنانے کیلئے کوشاں ہے اور شہریوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے وہ مزید سہولت، معاونت اور تجاویز کیلئے ٹول فری نمبر 0800-57574 کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کریں اور شکایات درج کرائیں، افتتاحی تقریب کے بعد چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر اور ترجمان (پی بی ایس)/ممبر ایس ایس/آر ایم سرور گوندل نے میڈیا کو ڈیجیٹل مردم شماری کے پس منظراور اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی اور تمام سٹیک ہولڈرز کی شمولیت کو سراہا ،خود شماری پورٹل کے تسلسل کو سراہتے ہوئے یقین کا اظہار کیا گیا مردم شماری کے مکمل آغاز کے دوران بھی یہی پیشرفت نظر آئیگی،مردم شماری پاکستان کے تمام ڈھانچوں کو جیو ٹیگ کرے گی جو اقتصادی مردم شماری کیلئے فریم ورک فراہم کرے گی، 92,754 شمار کنندگان مکمل طور پر پر عزم ہیں اور گھر گھر جا کر فیلڈ کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جس کا آغاز پورے پاکستان میں کیاجا چکا ۔