سکول آن ویلز منصوبے کاافتتاح،آئی ایم ایف پروگرام مکمل کریں گے،وزیراعظم
اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے سکول آن ویلز منصوبہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے،سکول آن ویلز منصوبے کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاابتدائی طور پر8بسوں پر سکول آن ویلز منصوبہ اسلام آباد و گرد ونواح کے بچوں کوموبائل سکولز کے ذریعے تعلیم فراہم کرے گا، وزیراعظم نے سکول آن ویلز منصوبے کو سراہتے ہوئے منصوبے سے دیہاتوں میں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں مد ملے گی،توقع رکھتے ہیں موبائل سکولز دیہات میں تعلیم کا نقلاب لے کر آئیں گے ،ہزاروں لاکھوں بچوں جو دیہاتوں کی گلیوں کی دھول میں گم ہو جاتے ہیں کو تعلیم کی سہولت حاصل ہو گی اور وہ پاکستان کے عظیم معمار بنیں گے،منصوبے کا دائرہ کار چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان و آزاد کشمیر تک پھیلانے کا جائزہ لیاجائے اس سے بڑی اور کوئی قومی خدمت نہیں ہو سکتی،وزیراعظم نے اس موقع پر خصوصی طورپر ڈیزائن کی گئی بسوں کابھی معائنہ کیا اور اساتذہ ، بچوں سے بھی ملاقاتیں کیں،وزیراعظم بچوں میں گھل مل گئے،دریں اثنا موسم بہار کی شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچانے کیلئے شجر کاری کو قومی نصب العین بنانے کی ضرورت ہے، رواں موسم بہار میں ملک گیر شجرکاری مہم چلائی جائے گی جس میں24کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے،زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑھ چڑھ کر مہم میں حصہ لیں، صحت مند ماحول اور بے شمار منفی اثرات سے بچائو میں جنگلات بڑا اہم کردار ادا کرتے ہیں، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب نے جنگلات کی اہمیت کو اور بھی اجاگر کیا ،جنگ کی صورت میں بھی پھل دار درختوں کو کاٹنا منع کیا گیا ،پاکستان میں شہری آبادیاں کنکریٹ کا جنگل بنتی جا رہی ہیں، شہروں میں بھی درختوں اور گرین ایریاز کی تعداد میں اضافہ کرنا ہو گا،علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف سے چین، جاپان اور جنوبی کوریا کے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے ملاقات کی ،وزیر اعظم شہباز شریف نے اے ڈی بی کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے 2022ء کے سیلاب کے تناظر میں اے ڈی بی کی فراخدلانہ مدد کی تعریف کی، وزیر اعظم نے اقتصادی شعبوں سمیت موسمیاتی تبدیلی اور سماجی شعبے میں فنانسنگ کو بھی سراہا،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا امید ہے اے ڈی بی پاکستان کیساتھ مضبوط شراکت داری جاری رکھے گا،ملاقات میں آئی ایم ایف پروگرام امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا، آئی ایم ایف کے معاہدے پر ہونیوالی پیشرفت سے وفد کو آگاہ کیا گیا،اس موقع پر وزیراعظم نے کہا پاکستان پروگرام میں طے شدہ اصلاحات کو مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہے،وفد کی جانب سے سیلاب سے ہونیوالی تباہی کے بڑے چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی کوششوں پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا گیا،مزید برآںوزیراعظم شہبازشریف سے اراکین قومی اسمبلی سعد وسیم ، چودھری فقیر اورذوالفقار بھنڈر نے الگ الگ ملاقات کی،ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
















