لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے گزشتہ گورنر ہا¶س لاہور میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے گورنر سندھ کو پنجاب میں خوش آمدید کہا جبکہ دونوں ہم منصب نے ملاقات کے دوران ملکی سیاست اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کراچی پولیس چیف کے آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی۔گورنر پنجاب نے رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں کو دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کراچی میں شہید اہلکاروں نے اپنی جانوں کی قربانی دےکر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے تناظر میں کہا کہ سب کو متحد ہو کر ملک کو ایک بار پھر دہشت گردی کے عفریت سے بچانا ہو گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو اس وقت بے پناہ معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ملک کی معیشت کو ایک بار پھر ازسر نو مضبوط کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ حالات مشکل ضرور ہیں لیکن معاشی حالات میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔ آنے والے دنوں میں، انشاللہ، معاشی حالات مزید بہتر ہوں گے۔ جبکہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سب کو مل جل کر بیٹھ کر ایک ایسا راستہ نکالنا ہے جہاں پاکستان ترقی کی طرف گامزن ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج دنیا میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ دونوں ہم منصب نے اس موقع پر بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا۔
متحد ہو کر ملک کو ایک بار پھر دہشت گردی کے عفریت سے بچانا ہو گا :گورنر پنجاب
















