خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن دوسرا مرحلہ موخر کرنے کا فیصلہ معطل

اسلام آباد:(لیڈر نیوز)سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے کا پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ کا فیصلہ معطل کر دیا۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی۔جسٹس اعجاز الحق اور جسٹس عائشہ ملک پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ ای سی پی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یکم فروری کو سماعت کا نوٹس 2 فروری کو موصول ہوا، پانچ اضلاع کی جانب سے شیڈول موخر کرنے کی درخواست پر18 اضلاع کے انتخابات ملتوی کیے گئے۔جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے سے پہلے الیکشن کمیشن کا موقف سننا چاہیے تھا۔ اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ کے پی میں موسمی حالات انتخابات میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ جسٹس اعجازالحق نے کہا کہ ہائیکورٹ کو فیصلہ دینے میں اتنی جلدی کیوں؟ محکمہ موسمیات کی رپورٹ عدالت نے نہیں الیکشن کمیشن نے دیکھنی تھی۔