لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ مریم نواز نے کنیئرڈ کالج کی طالبات کیلئے لیپ ٹاپ ،5بسیں فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
کنیئرڈ کالج کے89ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے اساتذہ کرام اوروالدین کو خصوصی طورپر مبارکباد پیش کی اورکہا کہ یہاں موجود ہر لڑکی کامیابی کی ایک مکمل داستان ہے۔ ایک دوسرے کی مدد کرنا بہت بڑی کامیابی ہے۔ جانتی ہوں کہ گرل ہونے کی وجہ سے خواب پورے کرنا مشکل ہوجاتے ہیں۔لڑکا محنت کرتا ہے تو کہتے ہیں اسے آگے جانا ہے،لڑکی محنت کرتی نظر آتے تو کہتے ہیں،اسے اپنی پڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیوں کو کام کیلئے موافق مواقع مہیا کرنا میری ذمہ داری ہے تاکہ والدین کسی بیٹی کو اکیلے بھیجتے ہوئے پریشان نہ ہوں۔میں نے پنجاب کی بیٹیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے تین سال دن رات محنت کی اور پنجاب کو وویمن فرینڈلی صوبہ بنایا۔
مریم نواز نے کہا بچیوں کو سکوٹی،رکشے چلاتے اورکام کرتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔صبح یونیورسٹی اورشام کو اوبر چلانے والی بچی کی ویڈیو دیکھ کربہت خوشی ہوئی۔آپ کسی سے کم نہیں اورنہ ہی پیچھے ہیں،کبھی فکر نہ کریں۔زندگی میں چیلنجز آتے رہتے ہیں،باری باری سب سے ڈیل کریں۔ انہوںنے کہا مجھے بھی سننا پڑا تھا،پنجاب مشکل صوبہ ہے،یہاں پولیس اوربیورکریسی کو چلانا مشکل کام ہے۔اگر محنت کریں تو خاتون سی ایم،منسٹر، کمشنراورڈپٹی کمشنر بھی بن سکتی ہے۔کسی بچی کے ساتھ بدسلوکی کا واقعہ سامنے آجائے تو اس کا علاج کرنے تک سوتی نہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے لڑکوں کو 70فیصد اورلڑکیوں کیلئے 30فیصد کوٹہ تھا،اب ہر سکیم میں سب کیلئے برابر مواقع ہیں۔ انہوںنے کہا پنجاب میں نوازشریف سکول آف ایمیننس میں بہترین پرائیویٹ سکولوں سے بھی اعلی ماحول اورتعلیم مہیا کی جارہی ہے۔ بچوں زندگی میں کامیابی کیلئے سخت محنت بہت ضروری ہے، مشکلات سے گھبرانا نہیں یہ زندگی کا حصہ ہے۔ خواتین کو معاشرے میں محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں۔ پنجاب میں خواتین کیخلاف جرائم کسی صورت بھی قبول نہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے دیہات کو مثالی گاوں بنانے کے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ا س موقع پرپنجاب میں خوشحال دیہات ایکٹ 2026 متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں 120 دیہات میں فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز پر اتفاق کیا گیا۔
ہر گاوں میں عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ویلج کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی وزیراعلیٰ نے منظوری بھی دیدی اور ویلج کمیٹی کی فوری تشکیل اور پلان طلب کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ سب دیہات کو مثالی گاوں بنانے کا عزم غیر متزلزل ہے۔ ترقی اب بڑے شہروں تک محدود نہیں، ہر گاوں تک بھی ثمرات پہنچیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ورلڈآسٹیوپوروسس ڈے (World Osteoporosis Day) پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہڈیوں کی کمزوری کی بیماری، بچاو، تشخیص اور علاج کے بارے میں شعور ضروری ہے۔ زندگی بھر کے لیے ہڈیوں کی حفاظت اور انہیں مضبوط بنانا سال 2026 کااس دن کا خصوصی تھیم ہے۔
پنجاب کو بیٹیوں کیلئے محفوظ بنادیا، موافق مواقعوں کی فراہمی ذمہ داری ہے ، مریم نواز



















