خواجہ آصف نے بیوروکریٹس کی بیرون ملک ہجرت پر سوالات اٹھا دئیے


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بیوروکریٹس کی بیرون ملک ہجرت پر سوالات اٹھا تے ہوئے کہااعلیٰ عہدوں پر فائز رہنے، حکومتی سرپرستی حاصل کرنے اور ملک سے عزت و مراعات پانے والے افسروں کی پاکستان کےساتھ وابستگی کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا پاکستان کی بیوروکریسی میں قابل ،ایماندار افسر موجود ہیں اور کوئی شک نہیں تاہم بڑی تعداد کئی برسوں سے کینیڈا، امریکہ، برطانیہ اور یورپ کو اپنا مستقل مسکن بنا چکی ،بعض افسروں نے سرکاری ملازمت کے دوران ہی بیرون ملک مستقل سکونت اختیار کرنے کےلئے باقاعدہ منصوبہ بندی کی، اقدام سے ملازمت کے دوران وطن ،سرکاری ذمہ داریوں کےساتھ وابستگی پرسوالات پیدا ہوتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہاچند برسوں سے سرکاری افسروں کی بیرون ملک منتقلی کیلئے پرتگال کا نام سامنے آ رہا ہے، مستقل رہائش (پی آر) کے حصول میں مبینہ سہولت کاری کرنے والا شخص متعدد دولت مند بیوروکریٹس سے بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد فرار ،معاملے پر مختلف کہانیاں گردش کر رہی ہیں، معاملات کی حقیقت جاننے کےلئے متعلقہ افسروں کے اثاثوں، آمدن ذرائع، بیرون ملک سرمایہ کاری ،قانونی تقاضوں کی پابندی کا شفاف جائزہ ضروری ہے۔