حکومت ،احتجاج کرنےوالے ضد چھوڑ کر بات چیت کریں‘سعد رفیق

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سابق وفاقی وزیر ومرکزی رہنما ن لیگ سعد رفیق نے کہا ہے حکومت ،احتجاج کرنےوالے ایک دوسرے سے بات چیت کریں اور گفت و شنید جاری رکھیں، مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں سعد رفیق نے کہا حکومتیں ،احتجاج کرنے والے اناﺅں، ضدوں اور دھڑے بندیوں سے اوپر اٹھیں، آپ میں سے کوئی فاتح نہیں ہوگا کیونکہ سب ہار رہے ہیں،پہل ہمیشہ ریاست کرتی ہے، جانی و مالی نقصانات سے بچا جائے، ایک دوسرے کی عزت نفس کو تار تار کرنا کم ظرفی ہے، کوئی فخریہ کام نہیں۔

لیگی رہنما نے کہامہنگائی، بے روزگاری، ناانصافی ،دہشتگردی کی آگ میں جھلسا ہوا پاکستان کراہ رہا ، پکار رہا ہے، پکار سنی جائے،عام آدمی پس چکا ،مباحثوں، ملاکھڑوں، الزامات، دھینگا مشتی اور خدمات کا ڈھنڈورا پیٹنے سے کوئی دلچسپی نہیں، جینا تقریبا ناممکن ہو چکا،بروقت علاج نہ کیا جائے تو رستے ہوئے زخم ناسور بن جاتے ہیں پھر ساری قوم دہائیوں تک قیمت ادا کرتی رہتی ہے۔