سکیورٹی کیلئے امریکہ پر انحصار کافی نہیں، قطر نے خلیجی ممالک کو خبردار کردیا

ابوظہبی (مشرق نیوز) قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ نے ثابت کردیا ہے کہ خلیجی عرب ممالک کو اپنی سکیورٹی کیلئے صرف امریکہ کے ساتھ سٹرٹیجک شراکت داری پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔

ابوظہبی میں ہیلی فورم کے ایک پینل سے خطاب کرتے ہوئے ماجد الانصاری نے کہا کہ خطے میں عالمی طاقتوں کی موجودگی اور امریکہ کے ساتھ سٹرٹیجک اتحاد اہم ضرور ہے لیکن یہ خلیجی ممالک کی مکمل سکیورٹی کیلئے کافی نہیں۔ قطری عہدیدار کے مطابق خلیجی ممالک کیلئے مستقبل کا راستہ سکیورٹی کے شعبے میں زیادہ خودکفالت حاصل کرنا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ حالیہ جنگ سے یہ سبق ملا ہے کہ خطے کو اپنی دفاعی اور سکیورٹی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ماجد الانصاری کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان جاری تنازع نے خلیج میں سیکیورٹی، بحری آمدورفت اور علاقائی استحکام کے حوالے سے خدشات بڑھا دئیے ہیں۔

انکے مطابق امریکہ کے ساتھ دفاعی تعلقات اپنی جگہ اہم ہیں تاہم خلیجی ممالک کو اپنی سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کیلئے مقامی اور علاقائی دفاعی تعاون اور خود انحصاری پر بھی توجہ دینا ہوگی۔