جنگی مشق ”سی سپارک 2026“ کا کراچی میں شاندار آغاز، تینوں مسلح افواج شریک

کراچی (مشرق نیوز) پاک بحریہ کی بڑی جنگی مشق ”سی سپارک 2026“ کا آغاز ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نیول چیف نے مشق کی افتتاحی بریفنگ کی صدارت کی جس میں مسلح افواج کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس مشق کے دوران پاک بحریہ کی جنگی تیاری اور جدید بحری خطرات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائیگا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ”سی سپارک 2026“ میں پاک بحریہ کے بحری جہازوں، آبدوزوں، طیاروں، بغیر پائلٹ نظام، میرینز اور سپیشل فورسز کو شامل کیا گیا ہے۔ مشق میں پاک آرمی اور پاک فضائیہ بھی مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہیں، جس کے ذریعے تینوں سروسز کے درمیان بہتر انضمام کو جانچا جا رہا ہے۔ مشق کے دوران روایتی اور ابھرتے ہوئے بحری خطرات کے خلاف پاک بحریہ کی جنگی تیاری کا جائزہ لیا جائیگا۔

اس موقع پر نیول چیف نے پی این فلیٹ یونٹس کا دورہ بھی کیا اور جاری آپریشنز کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بدلتے سیکیورٹی ماحول میں غیر معمولی جنگی تیاری اور موثر ردعمل کی ضرورت پر زور دیا۔ نیول چیف کا کہنا تھا کہ موجودہ سکیورٹی ماحول میں تینوں سروسز کے درمیان بہتر انضمام اور موثر ردعمل ناگزیر ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ”سی سپارک 2026“ میں ملٹی ڈومین آپریشنز کی مشق کی جا رہی ہے جس میں مختلف شعبوں کی صلاحیتوں کو مربوط کیا گیا ہے۔

مشق میں سمندری، فضائی، زمینی، سائبر اور خلائی صلاحیتوں کو ایک دوسرے سے مربوط کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ انفارمیشن ماحول میں آپریشنز کے ذریعے معلوماتی جنگ کے میدان میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کی مشق بھی کی جا رہی ہے۔ یوں سمندری کارروائیوں کے ساتھ انفارمیشن وارفیئر کو بھی مربوط کیا گیا ہے۔