ملک محفوظ نہیں،سانحہ پمز نظام پر بڑا سوالیہ نشان ہے،مصدق ملک


لاہور:(خبر نگار)وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے 14 لاشیں دیکھیں تو احساس ہوا ملک محفوظ نہیں،سانحہ پمز نظام پر بڑا سوالیہ نشان ہے، امیر و غریب کےلئے صحت کی سہولیات یکساں ہونے تک واقعات نہیں رکیں گے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاغیر محفوظ ملک ،خود حکومت میں ہوں، 3انگلیاں میری طرف اٹھ رہی ہیں، کسی سیاستدان کے بچے پمز ہسپتال نہیں جاتے،عام آدمی کو معاشی اعدادو شمار نہیں اپنے بچے کی تعلیم و علاج سے غرض ہے، سماجی انصاف معاشرے میں تفریق ختم کرنے کیلئے ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا آپ کو حیرت نہیں ہوئی کسی ڈاکٹر کی انگلی نہیں کٹی، کوئی نرس زخمی نہیں ہوئی، کسی فائرمین کو آگ نہیں لگی ،14 بچے جل کر راکھ ہو گئے،کیا سروس ڈلیوری ہوئی، کہاں تھے تمام لوگ یہ تو فکس اپ ہوگا، فکس اپ ہوگا تو باقی تمام چیزوں پر گفتگو ہوگی، فکس اپ کیے بغیر اب کوئی گفتگو نہیں ہوگی،سیاستدانوں ، سرکاری افسروں کے بچوں کا علاج بھی پمز جیسے سرکاری ہسپتالوں میں لازم قرار دے دیا جائے تو صحت کا نظام بہتر ہو سکتا ہے،صرف سماجی انصاف کی باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔