اپنا گھر سکیم کی پورے ملک میں آگاہی مہم کو تیز کیاجائے،وزیراعظم


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے اپنا گھر سکیم کی پورے ملک میں آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاسکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کا حصہ لینا انتہائی خوش آئند اسی رفتار سے آگے بڑھیں گے تو اپنے گھر کے زیادہ سے زیادہ خواہش مند افراد کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا،سکیم کی کامیابی سے تعمیراتی شعبے میں تیزی، منسلک صنعتوں کو فروغ ،معاشی ترقی آگے بڑھے گی،زمینوں کے کاغذات کے حصول میں تیزی لانے کےلئے صوبے ضلعی سطح پر اپنا گھر سکیم کےلئے سہولت ڈیسک قائم کریں۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلویز میں جامع اصلاحات کےلئے سٹریٹجک روڈ میپ کی منظوری دے دی،اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پاکستان ریلویز میں عوام کےلئے سفر اور مال برداری کیلئے نقل و حمل کا محفوظ ، سستا ذریعہ بننے کی بھرپور استعداد موجود ہے،فریٹ سروس ریلوے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ، مال برداری کے شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دیا جائے،ریلوے اصلاحات کے روڈ میپ پر عملدرآمد کےلئے عالمی شہرت یافتہ ماہرین ،کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں، ریلوے نظام کی بہتری سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباو کم ہوگا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف سے متعدد اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی،اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو حلقہ کے امور اور جاری ترقیاتی و فلاحی منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔